معتمد کا خوف کم نہ ہوا تو امام حسن عسکریؑ کو شہید کروادیا، شیخ محمد الیعقوبی
مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ)نے شہادت امام حسن عسکری علیہ السلام کے موقع پر نجف اشرف میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عباسیوں کے ظلم و جور کے دور میں امام حسن عسکری علیہم السلام کو فوجی لشکر کے زیر نگرانی زندان میں رکھا گیا اسی لیے عسکری کہلائے۔ معتمد عباسی بھی دیگر عباسی حکمرانوں کی طرح آئمہ اہلیبیتؑ کی مقبولیت سے پریشان اور خائف رہتا تھا امام حسن عسکری علیہ السلام کو قید میں رکھنے کے باوجود اُس کے اندر کا خوف ختم نہ ہوپایا تو اُس نے امام ؑ کو زہردیکر شہید کروا دیا۔
آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی کا کہنا تھا کہ امام حسن عسکری علیہ السلام کی عمر مبارک صرف 22برس تھی جب امام علی نقی علیہ السلام نے جامِ شہادت نوش کیا تھا اور اُن کی شہادت سے محض ایک برس قبل بی بی نرجس خاتون سے آپ کی شادی ہوئی جن کے بطن سے امام مہدی علیہ السلام کی دنیا میں آمد ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ آپؑ کی شہادت 8 ربیع الاول 260 ھ کوسامرہ ہوئی اور اس وقت امام العصرحجت خدا امام مہدی علیہ السلام کی عمر صرف پانچ برس تھی یعنی جس امام ؑ کی آمد کے ہم منتظر ہیں اُن کی یتیمی کا دن 8ربیع الاول ہے۔
آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی کا کہنا تھا کہ تمام تر مشکلات اور عباسیوں کی جانب سے سخت پابندیوں کے باوجود امام حسن عسکری علیہ السلام مومنین کو امامت سے مربوط رکھنے کیلئے مختلف علاقوں میں اپنے نمائندے روانہ کرتے تھے حالانکہ اُس دور میں بیشتر مومنین تقیہ کی صورت میں زندگی گزارنے پر مجبور تھے انہوں نے کہا کہ اب تو وقت بہت تبدیل ہوچکا ہے اور ہمیں تقیہ کی ضرورت بھی درپیش نہیں ہوتی اس لیے ہمیں امامِ زمانہ علیہ السلام کے استقبال کیلئے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے تاکہ امامؑ جس لمحہ ہمیں آواز دیں اُن کے پیچھے کھڑے ہونے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں۔