امام حسن علیہ السلام کی زندگی تمام عالم اسلام کیلئے عملی نمونہ ہے ، آیت اللہ یعقوبی
مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد یعقوبی (دام ظلہ)نے امام حسن علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر کہا ہےکہ امام حسن علیہ السلام کی زندگی تمام عالم اسلام کیلئے عملی نمونہ ہے جس پر عمل پیرا ہوکر اتحاد کی راہیں ہموار کی جاسکتی ہیں۔امام حسن علیہ السلام، حضرت علی علیہ السلام اور حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیھا کے بڑے بیٹے تھے۔
مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد یعقوبی (دام ظلہ)نے کہا کہ امام حسن علیہ السلام کی ولادت ایک ایسی عظیم تاریخ کا آغاز تھی جو عالم اسلام میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ امام حسن علیہ السلام کی ولادت کا دن، 15 رمضان، مسلمانوں کے لیے ایک بابرکت دن ہے۔آپ کی ولادت سورہ کوثر کی تفسیر کی مانند ہے، کیونکہ حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیھا کا وجود خود بھی قرآن کی آیتوں کا حقیقی مظہر تھا۔ سورۃ کوثر جو کہ قرآن مجید کی ایک عظیم سورۃ ہے، جہاں اللہ تعالیٰ نے حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیھا کے ذریعے اہل بیت کو بے شمار برکات سے نوازا، امام حسن علیہ السلام اور امام حسین علیہ السلام کو اللہ کی طرف سے ایک بڑی نعمت اور حقیقت میں کوثر” کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد یعقوبی (دام ظلہ)نے کہا ہے کہ امام حسن علیہ السلام کی شخصیت میں بے مثال جرأت مندانہ خصوصیات موجود تھیں۔امام حسن علیہ السلام کی زندگی کا ایک نمایاں پہلو ان کا صبر اور بردباری ہے۔ انہوں نے اپنے وقت کی مشکلات اور چیلنجز کا انتہائی حکمت اور بردباری سے مقابلہ کیا۔
مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد یعقوبی (دام ظلہ)نے کہا ہے کہ سب سے اہم واقعہ جس کی وجہ سے دشمن بھی امام حسنؑ کی عظمت کا معترف ہوا وہ معاہدہ صلح ہے جو انہوں نے اپنے دور میں معاویہ بن ابی سفیان کے ساتھ کیا۔ یہ عمل امام حسن علیہ السلام کی حکمت، بردباری اور مصلحت پسندی کا مظہر تھا۔ انہوں نے اپنی قوم کی فلاح اور اس کے مستقبل کو مقدم رکھا، چاہے اس کے بدلے میں انہیں ذاتی طور پر جانی یا سیاسی نقصان برداشت کرنا پڑا۔ یہ صلح کا عمل مسلمانوں کے درمیان یکجہتی کی طرف ایک اہم قدم تھا اور یہ ہمیں سکھاتا ہے کہ کبھی بھی دینی، سیاسی اور اجتماعی مفاد کو اقتدار پر ترجیح نہیں دینی چاہیے۔
مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد یعقوبی (دام ظلہ)نے کہا ہے کہ امام حسن علیہ السلام کی زندگی میں علم، تقویٰ، سخاوت، صبر اور عدل کی بے شمار مثالیں ملتی ہیں۔ آپ کا کردار ہمیں سکھاتا ہے کہ کس طرح انسان کو اپنی ذاتی خواہشات، جذبات اور مفادات کو ملت کے وسیع تر مفاد کے لیے قربان کرنا چاہیے۔
مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد یعقوبی (دام ظلہ)نے کہا ہے کہ امام حسن علیہ السلام کی زندگی اسلامی معاشرت میں اخلاقی معیار اور قیادت کا نمونہ پیش کرتی ہے، اور ان کی تعلیمات آج بھی مسلمانوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔
مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد یعقوبی (دام ظلہ)نے کہا ہے کہ حضرت علی علیہ السلام کی جرات، حکمت اور تقویٰ اور حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیھا کی پاکیزگی، عفت اور عبودیت کے سایہ تلے امام حسن علیہ السلام پلے۔آپ علیہ السلام کی ولادت دراصل ایک عظیم روحانی اور معنوی قیمتی نعمت تھی، جو کہ عالم اسلام کو ہدایت اور رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ آپ کی زندگی کی روشنی آج بھی مسلمانان عالم کے لیے ایک نشانِ راہ ہے۔