رمضان، خودسازی،عبادات اور قرب الٰہی کامہینہ ہے، آیت اللہ یعقوبی
مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد یعقوبی (دام ظلہ) نے ماہِ رمضان کی عظمت اور اس کے روحانی و اجتماعی پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور اس مہینے کو خودسازی، عبادت، اور اللہ تعالیٰ کی قربت حاصل کرنے کا بہترین موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کی عظمت کا ایک پہلو یہ ہے کہ اسی ماہ میں شبِ قدر کی راتوں میں قرآن مجید کو نازل کیا گیا اور قرآن کا نزول اس مہینے کو اور زیادہ خاص بنا دیتا ہے۔
مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد یعقوبی (دام ظلہ) نے کہا ہے کہ رمضان میں روزہ رکھنا ہر بالغ مسلمان پر اس لیے فرض کیا گیا ہے کہ یہ انسان کی روحانیت کو بڑھاتا ہے، صبر، تقویٰ اور قربانی کا درس دیتا ہے، اور اللہ سے نزدیکی کا باعث بنتا ہے۔رمضان میں روزہ رکھنے سے انسان کی روحانیت میں اضافہ ہوتا ہے، نفس کی پاکیزگی اور اخلاقی بہتری آتی ہے۔ اس مہینے میں ہرمومن کو اپنے گناہوں کی مغفرت اور اللہ کی رضا کے لیے بھرپور طریقے سے عبادت کرنی چاہیے کیونکہ اسی ماہ میں شبِ قدر کی ایک رات ہزار مہینوں سے بہترقرار دی گئی ہے۔
مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد یعقوبی (دام ظلہ) نے کہا ہے کہ رمضان میں صدقہ دینے اور خیرات کرنے کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ اس مہینے میں صاحبانِ ایمان کو دوسروں کی مدد کرنے کے لیے زیادہ تیار رہنا چاہیےتاکہ خداوندِ قدوس کی رضا حاصل ہوسکے۔
مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد یعقوبی (دام ظلہ) نے کہا ہے کہ رمضان المبارک انسان کی روحانیت کی تطہیر کا ذریعہ ہے، اس میں دل کی صفائی، اللہ کے ساتھ تعلق میں بہتری اور دوسروں کے لیے ہمدردی پیدا ہوتی ہے۔ رمضان ایک ایسا وقت ہے جب مسلمان اپنی زندگی کو بہتر بنانے کی کوشش اور اللہ کے قرب کے حصول کیلئے راہیں ہموار کرتےہیں۔
مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد یعقوبی (دام ظلہ) نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں خود سازی مہینہ ہے کیونکہ یہ مہینہ نہ صرف عبادت کا مہینہ ہے بلکہ ایک ایسا موقع بھی فراہم کرتا ہے جس میں انسان اپنی روحانیت کو تقویت دے سکتا ہے اور اپنی عادات کو بہتر بنا سکتا ہے۔مثلاً روزہ انسان کو صبر کا درس دیتا ہے۔ دن بھر کھانے پینے سے پرہیز کرنا، جسمانی خواہشات کو کنٹرول کرنا اور مشکلات کا مقابلہ کرنا انسان کے اندر استقامت پیدا کرتا ہے۔ یہ صبر کی تربیت انسان کو اپنی زندگی کے دیگر شعبوں میں بھی مدد فراہم کرتی ہے جبکہ روزہ رکھنا انسان کے نفس کو پاکیزہ بنانے کا ذریعہ ہے۔ روزے کے دوران عام انسان بھی اپنے اندر کی برائیوں جیسے کہ جھوٹ، غصہ، لالچ، اور تکبر سے بچنے کی کوشش کرتا ہےاس لیے اس ماہ میں صاحبانِ ایمان کا مقصد اپنے نفس کو بہتر بنانا اور اللہ کی رضا کے مطابق زندگی گزارنا ہونا چاہیے۔
مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد یعقوبی (دام ظلہ) نے کہا ہے کہ رمضان میں مومن کا دل دوسروں کے لیے نرم ہو جاتا ہے صدقہ، خیرات اور فطرہ دینے سے غریبوں، یتیموں، مسکینوں اور ضرورت مندوں کی مدد یقینی بنائی جائے اس سے انسان میں ہمدردی، سخاوت اور مخلصیت کی صفات پیدا ہوتی ہیں۔
رمضان المبارک انسان کو دنیاوی خواہشات سے دور کرتا ہے کیونکہ جب انسان خدا کی ذات کیلئے اپنی بنیادی ضروریات ’’کھانا، پینا‘‘ بھی ترک کر دیتا ہے تو اس بات کا ادراک ہوتا ہے کہ عارضی خوشیوں کی بجائے روحانی طور پر انسان کو زیادہ سکون میسر آتا ہے ۔رمضان المبارک میں ہر مومن خود سازی کا عمل یقینی بنائےتاکہ وہ اپنے اخلاقی اور روحانی معیار کو بلند رکھ سکے۔