سلامتی کونسل میں قرارداد کی منظوری کے باوجود، غزہ پر صیہونی حکومت کے حملے جاری

0 149

غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد منظور ہونے کے باوجود غاصب صیہونی حکومت نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی جاری رکھتے ہوئے مرکزي غزہ کے علاقے دیرالبلح اور رفح پر شدید بمباری کی ہے-

الجزیرہ چینل کی رپورٹ کے مطابق دیرالبلح میں جارح اسرائیلی فوج کی بمباری میں بائیس افراد کی شہادت کے علاوہ چھ اور فلسطینی جنوبی غزہ کے شمالی خان یونس میں اسرائیلی فوج کی بمباری میں شہید ہوگئے- فلسطین کی ہلال احمر نے اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے شہر خان یونس میں الامل اسپتال اور ہلال احمر سوسائٹی کو محاصرے میں لے کر ان کے راستے بند کردیئے ہيں-

غاصب صیہونی فوج نے رفح کے بھی رہائشی علاقے میں ایک عمارت پر حملے کرکے کم از کم پندرہ فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے جن میں بچے بھی شامل ہيں۔

دوسری جانب الجزیرہ چینل کے مطابق خان یونس کے عبسان علاقے میں غاصب فوجیوں کے حملے کے بعد متعدد زخمیوں کو غزہ کے یورپین اسپتال میں منتقل کیا گيا ہے اور یہ ایسی حالت میں ہے کہ فلسطینی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں الشفا اسپتال میں پھنسے ہوئے فلسطینی جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں صیہونی حکومت کے ذریعے کئے گئے آٹھ روز سے محاصرے کے خاتمے کے منتظر ہیں اور وہ وہاں سے نکلنے اور بغیر آب و غذا کے ہی صیہونی فوج کے حملوں سے خود کو بچانے میں کوشاں ہے-

فلسطین کی وزارت صحت نے گذشتہ روز اعلان کیا ہے کہ غزہ کے باشندوں کے خلاف جارح صیہونی فوج کے ایک سو ستر دنوں سے جاری پے در پے حملوں کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد بتیس ہزار دو سو چھبیس اور اس مدت میں زخمیوں کی تعداد چوہتر ہزار پانچ سو اٹھارہ ہوگئی ہے-

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.