فلسطینیوں کے بہیمانہ قتل عام پر عالمی برادری کی خاموشی کو جہاد اسلامی فلسطین نے ہدف تنقید بنایا
جہاد اسلامی فلسطین نےغزہ کے النابلسی اسکوائر پر فلسطینیوں کے بہیمانہ قتل عام پرعالمی برادری کی خاموشی کو ہدف تنقید بنایا ہے-
جہاد اسلامی فلسطین نے ایک بیان میں غزہ کے النابلسی اسکوائر پر بھوکے، دربدر اور پناہ کی تلاش میں سرگرم عمل فلسطینی عام شہریوں کے بہیمانہ قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس قسم کے ہولناک جرائم کے تنئیں عالمی برادری کی خاموشی پر کڑی تنقید کی ہے۔ جہاد اسلامی فلسطین کے بیان میں کہا گیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں نے ایسے فلسطینیوں کو خاک و خون میں غلطاں کر دیا جو اپنے بچوں کے لئے غذائی اشیا کی مدد کے انتظار میں لائنوں میں کھڑے ہوئے تھے۔
جہاد اسلامی فلسطین نے تاکید کی ہے کہ یہ نئی جارحیت غاصب صیہونی حکومت کے مجرمانہ رویے کی ماہیت کا ایک اور ثبوت ہے۔ بیان میں اسی طرح کہا گیا ہے کہ صیہونی جارحیت نے تاریخ میں عالمی برادری کے خوفناک زوال کو ثبت کر دیا، اس لئے کہ عالمی برادری اس طرح کے قتل عام پر آنکھیں بند کئے کھڑی رہی اور انسانیت کی دھجیاں اڑتی رہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ جمعرات کو ایسی حالت میں کہ غزہ کے النابلسی اسکوائر پر فلسطینی عوام جو اپنے بچوں کے لئے اشیائے خورد و نوش کی امداد کے منتظر لائنوں میں کھڑے ہوئے تھے، غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں نے وحشیانہ جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا، جس میں ایک سو بارہ فلسطینی شہید اور تقریبا آٹھ سو دیگر زخمی ہو گئے۔