صیہونی فوج کی بمباری، غزہ میں 130 اور مغربی کنارے میں 3 فلسطینی شہید

0 165

صیہونی فوج نے مغربی کنارے کے پناہ گزین کیمپ پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران فائرنگ کرکے 3 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا جب کہ غزہ میں بمباری میں 130 افراد شہید ہوگئے۔

صیہونی فوج نے مغربی کنارے کے شہر تلکرم کے قریب نور شمس پناہ گزین کیمپ پر چھاپے کے دوران ایک گھر کا گھیراؤ کرکے اندھا دھند فائرنگ کردی۔

صیہونی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک گھر پر چھاپے کے دوران ایک مسلح شخص نے فوجیوں پر فائرنگ کردی جسے جوابی فائرنگ میں ہلاک کردیا گیا۔

گھر میں موجود دو دیگر مسلح افراد سے 4 گھنٹے تک مقابلہ جاری رہا جس کے دوران دونوں کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا۔ اس طرح ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3 ہوگئی۔

صیہونی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی دو بدو لڑائی میں کوئی فوجی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔

فلسطینی وزارتِ صحت نے کہا کہ جن دو افراد کو گولی ماری گئی وہ گھر کے اندر موجود نہیں تھے ان کی لاشیں گھر سے باہر سے ملی ہیں۔ اسرائیل نے اس گھر پر میزائل داغے اور جاتے ہوئے گھر کے بڑے حصے کو منہدم کر دیا۔

صیہونی فوج کی غزہ اور رفح پر وحشیانہ بمباری جاری ہے جس میں 24 گھنٹوں میں 130 فلسطینی شہید ہوگئے جن میں 5 بچے بھی شامل ہیں جب کہ 170 افراد زخمی ہیں۔

واضح رہے کہ غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری وحشیانہ بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 27 ہزار 840 ہوگئی جب کہ 67 ہزار 317 زخمی ہیں۔ شہید اور زخمیوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.