صیہونی جارحیت:3 ماہ میں 380 مساجد شہید 3 گرجا گھرتباہ

0 249

فلسطینی انفارمیشن سینٹر نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت نے سات اکتوبر سے اب تک تین سو اسی مساجد کو شہید اور تین گرجا گھروں کو غزہ میں تباہ کردیا ہے کہ جن میں سے بعض ایک ہزار سال سے بھی پرانی ہیں۔

فلسطینی انفارمیشن سنٹر نے ایک تفصیلی بیان میں کہا ہے کہ صیہونی فوج نے غزہ کے خلاف اپنے وحشیانہ حملے جاری رکھتے ہوئے اس علاقے کی ایک سو چالیس مسجدوں کو مکمل طور پر شہید کردیا ہے جبکہ دو سو چالیس مسجدوں کو جزئی طور پر نقصان پہنچایا ہے اس کے علاوہ تین گرجا گھروں کو بھی تباہ کردیا ہے-

اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ زیادہ تر مسجدوں کو بموں اور میزائلوں سے نشانہ بنایا گيا ہے کہ جن میں سے بعض میں دھماکہ خیز مواد کا وزن دو ہزار پاؤنڈ تھا اور یہی مسئلہ ان مقدس مقامات کے مکمل طور پر ویران ہونے کا باعث بنا ہے اور اس سے مسجدوں اور گرجا گھروں کے خلاف اسرائیل کی جارحیت اور بغض و کینے کا پتہ چلتا ہے-

اس بیان کے مطابق تباہ ہونے والی تاریخی مساجد اور گرجا گھروں کا تعلق فونیشین اور رومیوں کے دور سے ہے اور ان میں سے کچھ کا تعلق آٹھ سو سال قبل مسیح سے ہے جبکہ بعض مسجدیں چار سو اور چودہ سو سال پرانی ہیں۔

غزہ حکومت کے میڈیا آفس نے اعلان کیا ہے کہ مساجد اور گرجا گھروں کے خلاف یہ جرائم بین الاقوامی معاہدوں بالخصوص بین الاقوامی انسانی قانون، اور مسلح تصادم کی صورت میں انیس سو چون کے مذہبی مقامات کے تحفظ سے متعلق ہیگ کے معاہدے اور انیس سو ننیانوے میں اس معاہدے کے دوسرے پروٹوکول کی بنیاد پر ایک واضح جرم تصور کیا جاتا ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.