غزہ میں صیہونیوں کی دراندازی کا القسام کے جیالوں نے ڈٹ کر مقابلہ کیا
تحریک حماس کی فوجی شاخ القسام بریگيڈ اور صیہونی فوجیوں کے درمیان غزہ کے سرحدی علاقے ایرز میں واقع صیہونی فوجی اڈے کے قریب، گمسان کی جنگ ہوئی جس کے دوران صیہونیوں کو بھاری نقصان پہنچا اور غاصب فوجیوں کو غزہ میں دراندازی سے روک دیا۔
صیہونی فوج، الاقصی کاروائی میں اپنی شکست کی تلافی کے لئے جمعے کی رات کو زمینی کاروائی کے ذریعے غزہ میں داخل ہونا چاہتی تھی تاہم فلسطینی مزاحمت کے حملوں کے باعث اسے پسپائی اختیارکرنا پڑی- الجزيرہ چینل کی رپورٹ کے مطابق القسام بریگيڈ اور صیہونی فوجیوں کے درمیان غزہ کے مضافات میں واقع صیہونی فوج اڈے ایرز کےقریب لڑائی ہوئی ہے-
اس رپورٹ کے مطابق القسام بریگيڈ کے جیالے سرحدی رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے مقبوضہ علاقوں کے اندر واقع ایرز نامی صیہونی فوجی اڈے کے مغربی حصے تک پہنچ گئے اور صیہونی حکومت کے جنگي وسائل کو اینٹی آرمر میزائلوں سے نشانہ بنایا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے امریکہ اور مغرب کی وسیع اور جامع حمایت کے باوجود غزہ پر زمینی حملہ کرنے میں صیہونی حکومت کی نااہلی کا اعتراف کیا ہے ۔ صہیونی فوج کے ترجمان نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ غزہ پر زمینی حملہ بہت مشکل اور پیچیدہ ہے اور اس سے ہماری افواج کو بہت سے خطرات لاحق ہوں گے۔
صیہونی حکومت کے فوجی ترجمان کا یہ واضح بیان، مزاحمت کے مقابلے میں اس کی شکست اور غزہ پر حملے میں ناکامی کا واضح اعتراف ہے۔