غرب اردن غزہ کے سوگ میں، مغربی کنارے کے مختلف صوبوں میں ہڑتال کا اعلان
صیہونی حکومت کے خلاف طوفان الاقصی کے بارہویں دن اور غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد مغربی کنارے کے مختلف صوبوں نے غزہ کے باشندوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
ان صوبوں میں یونیورسٹیوں میں تعطیل ہے جبکہ بینک فیکٹریاں دوکانیں اور تجارتی مراکز بھی بند کر دیئے گئے ہیں، قومی اور اسلامی گروہوں نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ تمام علاقوں، سڑکوں اور اسکوائر پر صیہونی حکومت کے خلاف اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں۔
گزشتہ شب مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں نے سڑکوں پر نکل کر فلسطین کی خود مختار انتظامیہ کے سربراہ کی برطرفی کا مطالبہ کیا مظاہرین کا کہنا تھا کہ فلسطین کی خود مختار انتظامیہ کے سربراہ فلسطینی قوم کے حقوق کی بازیابی کی اہلیت نہیں رکھتے ہیں۔