دعوتِ اسلام کا مشن حضرت خدیجہ کے جذبہ ایثار کا مرہونِ منت ہے،آغا سید حسن

جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ حضرت خدیجہ کا مقام و منزلت کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔

0 147

جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن موسوی نے ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبرٰی کے یوم وفات پر فرزندان توحید کو ہدیہ تعزیت پیش کی۔ انہوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ حضرت خدیجہ کا مقام و منزلت کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ علیھا السلام دنیائے بشریت کی وہ واحد خاتون ہیں جس نے سب سے پہلے نبی آخر الزمان (ص) کو پہچانا جب حضور پاک ابھی بچپن کے دور سے ہی گزر رہے تھے اور جب حضور نے نبوت کا اعلان کیا تو نہ صرف سب سے پہلے اسی برگزیدہ خاتون نے آپ کی نبوت کی تصدیق کی اور ایمان لے آئیں بلکہ عالم عرب کی اس سب سے بڑی مالدار خاتون نے اپنی ساری دولت نبی اکرم (ص) کے قدموں میں نچھاور کرکے دعوت اسلام کے مشن کو تقویت بخشی۔ مولانا آغا سید حسن موسوی نے کہا کہ دعوت اسلام کا مشن ام المومنین حضرت خدیجہ کے جذبہ ایثار اور وفا کا مرہون منت ہے۔ادھر حقانی میموریل ٹرسٹ نے ام المومنین حضرت خدیجہ کے یوم وصال پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ٹرسٹ کے سرپرست اعلٰی سید حمید اللہ حقانی اور جنرل سکریٹری بشیر احمد ڈار نے گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ علیھا السلام کا رمِ اخلاق کی پیکرِ جمیل تھیں، رحمدلی، غریب پروری اور سخاوت آپ کی اِمتیازی خصوصیات تھیں۔ حضرت خدیجہ وہ پہلی عظیم خاتونِ اول ہیں جن پر اِسلام کی حقیقت سب سے پہلے روشن ہوئیں اور انہوں نے حضور نبی کریم کی تصدیق کی اور تبلیغ دین کے لئے اپنی ساری دولت نچھاور کی۔ اس دوران متحدہ علماء اہل سنت کے رہنماؤں مولانا غلام محی الدین نقیب، مولانا غلام رسول حامی، مولانا عبدالرشید داؤودی، سید حمید اللہ حقانی اور مفتی قمرالدین اویسی نے گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت خدیجہ حسن سیرت، اعلی اخلاق، بلند کردار اور شرافت و مرتبہ کی وجہ سے مکہ مکرمہ اور اردگرد کے علاقے میں طاہرہ کے پاکیزہ لقب سے مشہور تھیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.