پاراچنار کے مومنین مشکل وقت میں ہم پر اعتماد کرسکتے ہیں، شیخ ناصری
وکیل آيت الله العظمٰی شیخ محمد الیعقوبی (حفظہ اللہ) وسربراہ شوری علماء جعفریہ پاکستان علامہ شيخ ہادی حسین ناصری نے علامہ خورشید انور جوادی ،علامہ حمید حسین امامی اور دیگر بزرگ علماء کے ہمراہ پارا چنار کا دورہ کیا شیخ ہادی ناصری نے پاراچنار میں حجت الاسلام و المسلمین علامہ فدا حسین مظاہری اور سیکرٹری انجمنِ حُسینیہ جلال حسین بنگش اور دیگر اہم شخصیات سے بھی ملاقات کی۔
وکیل آيت الله العظمٰی شیخ محمد الیعقوبی (حفظہ اللہ) وسربراہ شوری علماء جعفریہ پاکستان علامہ شيخ ہادی حسین ناصری نے پارا چنار میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی (حفظہ اللہ)کے بعد آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی عراق کے سب سے بڑے مرجع ہیں اور انہوں نے اہلیانِ پارا چنار کو سلام بھیجا ہےاور وہ آپ کیلئے دُعاگو ہیں اور ہم مطمئن ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے کامیابی و کامرانی آپ لوگوں کے نصیب میں لکھ دی ہے ۔
شیخ ہادی حسین ناصری کا کہنا تھا کہ اس وقت اہلیانِ پارا چنار کو مزیداتحاد و اتفاق کی اشد ضرورت ہے ۔علماء اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے آپس میں متحد ہو کر دشمن کی ہرسازش کو ناکام بنا دیں۔شیخ ہادی حسین ناصری نے اتحاد بین المومنین پر مزید زور دیتے ہوئے کہا کہ اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے تمام تر حالات میں، چاہے وہ مذہبی،سیاسی، سماجی یا اقتصادی ہوں، اتحاد ہی ہمیں مضبوطی اور استحکام فراہم کرتا ہے۔
جب ہم سب مل کر کام کرتے ہیں تو ایسے میں ہم مشکلات کا بہتر طریقے سے سامنا کر کے تمام تر سازشوں ناکام بناتے ہوئے دشمن کو ناکوں چنے چبوا سکتے ہیں۔ اختلافات کے باوجود ایک دوسرے کے ساتھ کھڑا ہونا اور مشترکہ مقاصد کے لیے محنت کرنا اہم ہے۔ اتحاد کی بدولت ہم زیادہ مؤثر طریقے سے مسائل کا حل تلاش کر سکتے ہیں اور بہتر مستقبل کی طرف بڑھ سکتے ہیں۔
شیخ ہادی حسین ناصری نے مزید کہا کہ پارا چنار کے لوگوں کے ساتھ امتیازی سلوک کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا کیونکہ پارا چنار والے محب وطن پاکستانی ہیں اس لیے پاکستانی حکومت اور متعلقہ اداروں کو پارا چنار کے شہریوں کی سلامتی اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے متعدد اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، علاقے کی سیکیورٹی میں اضافہ کرنا ہوگا تاکہ علاقہ کو بیرون عوامل کی دراندازی سے محفوظ رکھا جاسکے۔
شیخ ہادی حسین ناصری کا کہنا تھا کہ پارا چنار کے لوگ پورے پاکستان کے مومنین کیلئے بہترین مثال ہیں کیونکہ آپ لوگ کسی بھی صورت اصولوں پر کمپرومائز نہیں کرتے اور اپنے حقوق کے حصول کیلئے ڈٹ کر کھڑے ہو جاتے ہیں ۔
یاد رہے کہ وکیل آيت الله العظمٰی شیخ محمد الیعقوبی (حفظہ اللہ) وسربراہ شوری علماء جعفریہ پاکستان علامہ شيخ ہادی حسین ناصری کے پارا چنار پہنچنے پر اہلیان پارا چنار نے پرتپاک استقبال کیا فرطِ مسرت سے مومنین کی آنکھیں آنسوئوں سے لبریز تھیں اہلیان پارا چنار نے شیخ ہادی حسین ناصری اور اُن کے ہمراہ آنیوالے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔