دنیا بے گناہ فلسطینیوں کی نسل کشی کا تماشہ دیکھ رہی ہے ،شیخ ناصری
آیت اللہ العظمٰی الشیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ) کے وکیل اور سربراہ شوریٰ علمائے جعفریہ پاکستان شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہے کہ دنیا بے گناہ فلسطینیوں کی نسل کشی کا تماشہ دیکھ رہی ہے جبکہ مغرب صہیونیوں کی معاونت میں مشغول ہے۔ دن رات فلسطینی بچوں ، خواتین اور بزرگوں پر آگ کے گولے برسائے جارہے ہیں لیکن کوئی پرسانِ حال نہیں ۔
حیران کن بات تو یہ ہے کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کی بھی آنکھیں بند ہو چکی ہیں ایسا لگتا ہے جیسے غزہ میں بسنے والے فلسطینی تو انسان ہی نہیں ہیں۔شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہے کہ مغرب کی دوغلی اور منافقانہ پالیسی اور روش روزِ روشن کی طرح سب پر عیاں ہو چکی ہے جو مغرب دنیا کو جانوروں کے حقوق کی ترغیب دیتا ہے اُسے فلسطین میں مسلمانوں کا کشت و خون کیوں نظر نہیں آ رہا۔
شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہے کہ غزہ کی جنگ کو روکنا مغربی طاقتوں کیلئے کوئی مشکل نہیں تھا لیکن غزہ کے مسلمانوں کیساتھ مذہبی تعصب برتا گیا اور فلسطینی مزاحمت کو بنیاد بنا کر وہاں نسل کشی شروع کردی گئی اورغزہ کو معصوم فلسطینی بچوں، خواتین اور بزرگوں کا قبرستان بنادیا گیا۔
شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہے کہ واضح طور پر لگ رہا ہے کہ پوری دنیا بہت جلد جنگ کی لپیٹ میں آجائے گی کیونکہ ہر ظلم کے بعد فطرت کا ایک انتقام ہوتا ہے جو قدرت لیتی ہے اور وہ وقت قریب ہے جب مغرب کو اپنی غلطیوں کا احساس ہوگا اور اُس وقت اُن کے پاس سوائے پچھتاوے کے کچھ باقی نہیں رہیگا۔