نمائندہ آیت اللہ یعقوبی کی اعجاز بہشتی کیخلاف درج بے بنیاد ایف آئی آر کی شدید مذمت

0 321

نمائندہ آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ) وسربراہ شوریٰ علماء جعفریہ پاکستان علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے علامہ اعجاز حسین بہشتی کیخلاف درج کی گئی ایف آئی آرکی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علمائے کرام اس ملک میں امن کے قیام کیلئے بہت ہی اہم کردار ادا کر رہے ہیں ان پر مقدمات بنانا انصاف کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔ ان مقدمات کا بنیادی مقصد ان کی شہرت کو نقصان پہنچانے کے علاوہ کیا ہوسکتا ہے۔ انصاف کے تقاضے یہ ہیں کہ مسائل کو حل کیا جائے نہ کہ احتجاج کرنیوالے علمائے کرام کیخلاف ایف آئی آرز کاٹی جائیں۔

 

علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ علمائے کرام کاہمیشہ سے پاکستان کےامن و استحکام میں ایک کلیدی کردار رہاہے علمائے کرام نہ صرف دینی تعلیم و تربیت فراہم کرتے ہیں، بلکہ وہ سماجی، اخلاقی اور مذہبی مسائل پر بھی رہنمائی کرتے ہیں ان کا کردار مسلمانوں کی روحانی اور اخلاقی تربیت کے ساتھ ساتھ امن و امان کاقیام بھی ہے۔بعض اوقات علماء عوامی مسائل کیلئے بھی مقامی لوگوں کے ساتھ ہم آواز ہوجاتے ہیں تو اس کا مطلب ہر گز یہ نہیں کہ حکمران اُن کی تذلیل کرتے ہوئے اُن کے خلاف ایف آئی آرز کاٹنا شروع کردیں۔

 

علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ گلگت بلتستان کی توانا آوازاور عالم دین علامہ اعجاز حسین بہشتی پر کاٹی گئی ایف آئی آر کو فوری طور پر خارج کیا جائے کسی بھی حوالے سے صدائے احتجاج بلند کرنا پاکستان کے ہر شہری کا حق ہے اور یہ حق کسی سے بھی نہیں چھینا جاسکتا حکومت ہوش کے ناخن لے اور علمائے کرام کی تذلیل بند کرے۔حکومت کو سمجھنا چاہیے کہ ملت جعفریہ کے علمائے کرام ان ایف آئی آرز سے نہیں ڈرتے لیکن ایف آئی آر کاٹ کر علمائے کرام کو دبانا ہرگز قابلِ قبول عمل نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ علمائے کرام بہتر جانتے ہیں کہ دینی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ اُن کی قومی اور ملی ذمہ داریاں کیا ہیں۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.