عزاداری امام حسینؑ اسلامی اقدار اور احیاء کا نام ہے،شیخ ناصری

0 51

نمائندہ آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ) وسربراہ شوریٰ علماء جعفریہ پاکستان علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہے کہ عزاداری امام حسینؑ اسلامی اقدار اور احیاء کا نام ہے، امام حسین علیہ السلام نے روز عاشوراپنے خاندان و اصحاب اور اپنی قربانی دیکر نہ صرف اسلام بلکہ پوری انسانیت کو تا قیامت محفوظ کر دیا۔

عزاداری ہماری عبادات کی روح ہے اگر عزاداری کو زمین سے اُٹھا لیا جائے تو ممکن ہے ایک لمحہ میں دنیا اپنے انجام کو پہنچ جائے۔ علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ عزاداری امام مظلومؑ اسلامی تاریخ اور ثقافت میں مقدس مقام رکھتی ہے۔

امام حسینؑ کی قربانی اور ان کی شہادت اسلامی اصولوں اور انصاف کی حمایت کی علامت ہے۔ ہمیں عزاداری کو شرعی فریضہ کے طور پر اپنانا چاہیے تاکہ ہمارے اندر روحانیت پیدا ہو اور فلسفہ شہادت امام حسینؑ کو سمجھنے میں ہمیں کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ مومنین عزاداری کے ساتھ ساتھ دینی فرائض اور واجبات کی ادائیگی میں کسی طور کوتاہی نہ برتیں خاص کر کے نماز اول وقت میں ادا کریں۔

علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ ان ایام غم میں عزاداروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے افواج پاکستان، پولیس، سیکورٹی کے دیگر اداروں کے مشکور ہیں کہ دن رات ہمارے ماتمی جلوسوں، مجالس اور دیگر عزاداری کے پروگرامز کی سیکورٹی کی ذمہ داری سنبھالے ہوئے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.