شہر قائد کراچی میں آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ)کے دفتر کا باضابطہ افتتاح

0 700

شہر قائد کراچی میں آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ)کے دفتر کا باضابطہ افتتاح ،علماء و مومنین کی بھرپور شرکت، تفصیلات کے مطابق مزار قائد کے نزدیک نمائندہ آیت اللہ العظمٰی شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ) وسربراہ شوری علماء جعفریہ پاکستان علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے دفتر کاباضابطہ افتتاح کردیاافتتاحی تقریب میں علامہ خورشید انور جوادی،علامہ شیخ محمد سلیم قمی،علامہ شیخ عبدالمجید بہشتی اوردیگر علمائے کرام بھی شریک تھے ۔ اس موقع پر شرکاء میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔

علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے اس موقع پر کہا ہے کہ کراچی میں دفتر کا آغاز مومنین ، مدرسین ، پیش نمازوں کیلئے باعث برکت ثابت ہوگاہم نے ہمیشہ ملت کی خدمت کو اپنا نصب العین بنایا اور اسی تسلسل کو جاری رکھنے کا اعادہ کرتے ہیں انشاء اللہ کراچی کے ہر مدرسہ اور مسجد سے مربوط علماء تک ہماری طرف سے ہرممکن تعاون کیا جائیگا وہ وقت دور نہیں جب آپ تمام لوگ اس سے بھرپور مستفید ہونگے۔

علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد کراچی کے شہریوں، عوام،مومنین اور مدارس کی خدمت کرنا ہے جتنا ممکن ہوا فلاحی کاموں کو ترجیح دینگے،ہماری خدمات پیش نمازوں ، مدارس کے حوالے سے ہوں گی جبکہ غریبوں اور مسکینوں کی بھرپور مدد کو یقینی بنایا جائے گا اور شہر کے امن کے حوالے سے بھی بھرپور رول ادا کرینگے۔

علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ اس وقت مقبولیت کے حوالے سے نجف اشرف کے 2 بڑے مراجع میں آیت اللہ شیخ محمد الیعقوبی کانام آتا ہے وہ علم کے ساتھ ساتھ زہد و تقویٰ اور پرہیزگاری میں اعلیٰ مقام رکھتےہیں اُن کے پاس حوزہ علمیہ نجف اشرف کے طلباء اور علماء کثیر تعداد میں شریک ہوتے ہیں۔ دفترآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی نے جس طرح انسانی فلاح و بہبود کا بیڑا اُٹھا رکھا ہے اس کی مثال نہیں ملتی ۔

علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ ہم پاکستان میں پہلے بھی آئمہ جمعہ والجماعت، مدارس اور مومنین کی خدمت میں پیش پیش رہے ہیں انشاء اللہ کراچی میں بھی وہ تسلسل جاری رکھیں گے انہوں نے کہا ہم نے ہمیشہ بلا امتیاز علمائے امامیہ کی خدمت کی اور کسی کو بھی کسی قسم کی تفریق نہیں ڈالنے دی آئندہ بھی تمام تر اختلافات سے بالا تر ہو کر کام کرینگے ۔

علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ دفتر آیت اللہ شیخ محمد الیعقوبی پہلے سے تحقیق، خدمت،میڈیا، کتابوں کی اشاعت اور دیگر علمی و ادبی خدمات سرانجام دے رہا ہے اور انشاء اللہ اس حوالے سے کراچی کے علماء کی مشاورت سے مزید بھرپور اقدامات اُٹھائے گا۔اس موقع پر  علامہ خورشید انور جوادی،علامہ شیخ محمد سلیم قمی،علامہ شیخ عبدالمجید بہشتی اوردیگر علمائےکرام نے دفتر آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی کی خدمات کو بھرپور سراہا۔

 

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.