سرگودھا میں نہج البلاغہ کانفرنس عظیم الشان انعقاد
پاک نیوز۔ 24 مارچ بروز جمعرات مرکزی امامبارگاہ بلاک 7 سرگودھا میں جامعہ الفرات سرگودھا کے زیر اہتمام مرکز افکار اسلامی پاکستان کے تعاون سے نہج البلاغہ کی ترویج اور اس عظیم کتاب زندگی سے آشنائی اور استفادہ کی غرض سے عظیم الشان نہج البلاغہ کانفرنس کا انعقاد ہوا، جس میں علماء کرام اور مومنین علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے مسلم و غیر مسلم مفکرین و دانشوران کی نظر میں نہج البلاغہ کی اہمیت کو بیان کیا اور تاکید کی کہ امیر المومنین علی علیہ السلام سے محبت کا تقاضا ہے کہ آپ کے کلام کو سمجھ کر اس پر عمل کیا جائے، تاکہ دنیا و آخرت کی سعادت حاصل کی جا سکے۔
علامہ مقبول حسین علوی مرکز افکار اسلامی پاکستان، علامہ شبیر حسن میثمی مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان، علامہ محمد افضل حیدری مرکزی سیکرٹری جنرل وفاق المدارس الشیعہ پاکستان، علامہ لیاقت علی اعوان جامعۃ المصطفی العالمیہ اسلام آباد، علامہ محمد اکرم جلوی پرنسپل جامعہ الفرات سرگودھا، علامہ غلام جعفر نجفی موسس و سرپرست جامعۃ الفرات سرگودھا اور علامہ انیس الحسنین خان پرنسپل جامعہ المصطفیٰ اسلام آباد نے خطاب کیا۔ پروگرام کے اختتام پر شرکاء کی پذیرائی کی گئی۔ سرگودھا کی سرزمین پر اپنی نوعیت کا یہ پہلا اور منفرد پروگرام تھا۔