قائداعظم محمد علی جناحؒ کے پاکستان کو اندھیروں میں دھکیل دیا گیا ہے، ثروت اعجاز قادری

0 275

پاک نیوز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پاکستان بنانے کا مقصد یہاں اسلامی نظام کا نفاذ ہے اور مسلمان اپنی زندگی اور عبادت آزادی سے بسر کر سکیں، غربت ختم، ترقی و خوشحالی ہمارا مقدر بنے اور انصاف عوام کو دہلیز پر ملے، مگر بدقسمتی سے آج قائداعظم محمد علی جناحؒ کے پاکستان کو کرپشن زدہ سیاستدانوں، وڈیروں، سرمایہ داروں نے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے، آج مظلوم غریب عوام کو تعلیم، صحت، انصاف میسر نہیں ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر علماء و مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ 10 کروڑ سے زائد مظلوم غریب عوام غربت کی لکیر سے نیچے کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں، بھوک و افلاس اور انصاف کی عدم فراہمی سے پریشان حال خود کشیاں کر رہے ہیں۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ملک کی دولت لوٹنے والے عیش و عشرت کی زندگی بسر کر رہے ہیں، ان کو کوئی لگام دینے والا نہیں ہے، عوام کے حقوق کا استحصال کا سلسلہ بند نہ ہوا تو اس کے منفی نتائج سے مایوسیاں جنم لینگی۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ پاکستان کو اسلامی و فلاحی ریاست بنانا چاہتے تھے، تاکہ غربت ختم اور غریبوں کو ان کے حقوق مہیا ہوں،لہٰذا تمام اکائیوں کو پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے یکجا ہوکر جدوجہد کرنا ہوگی، غریبوں کو ان کے حقوق دلانے کیلئے عملی طور پر میدان میں آکر آواز بلند کرکے انہیں حقوق دلانا ہونگے، قائداعظمؒ کے سنہری اُصولوں پر گامزن ہوکر ملک اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.