پاکستان اہم ترین ملک، ریجن میں کردار مثالی ہونا چاہیے، شیخ ہادی حسین ناصری

0 209

نمائندہ آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ) وسربراہ شوری علماء جعفریہ پاکستان علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہےکہ پاکستان اہم ملک ہے ،ریجن میں ہمارا کردار مثالی ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم ملک ہے جو کہ او آئی سی کے بانی ممالک میں بھی شامل ہے اس ملک کو اسلام کے نام پر بنایا گیا اسی لیے اس کو اسلام کا قلعہ بھی کہا جاتا ہے پوری دنیا میں مملکت خداداد پاکستان کا اپنا وقار اور مرتبہ ہے اس لیے ہمیں اپنی اہمیت کو برقرار رکھتے ہوئے خطہ کے مسائل میں اہم رول ادا کرنا چاہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ قائداعظمؒ نے عالم اسلام کو پاکستان کی صورت ایک اہم ترین قلعہ تعمیر کرکے دیا جس کی حفاظت ہر ایک پر فرض ہے ہمیں چاہیے کہ اس مملکت خداداد کو اپنے حقیقی کردار کی طرف لے کر جائیں تاکہ اس خطہ کی تقدیر کو بدلا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایسی دھرتی ہے جہاں قائداعظم محمد علی جناحؒ اور ذوالفقار علی بھٹو جیسی شخصیات نے قیادت کی اور عالم اسلام کو حقیقی مقصد کی طرف راغب کیا ہمیں چاہیں کہ ہم بانی پاکستان کے فرمودات کی روشنی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایسا سیاسی موقف اپنانا چاہیے جس سے حکومت پاکستان تمام مُسلم برادر ممالک میں مصالحت کروانے کے لئے ایک غیر جانبدارانہ ثالث کا کردار ادا کر تے ہوئے دنیا میں اپنا وقار بحال کرسکے اگرچہ پاکستان اقتصادی طور پر اتنا طاقت ور نہیں ہے تاہم پاکستان کے پاس تعلیمی استعداد، جاندار اور ایٹمی ہتھیاروں سے لیس مضبوط فوج موجود ہے۔ دوسرے مُسلم برادر ممالک کے پاس تیل کی وافر مقدار موجود ہے۔ وُہ دُنیا کی ہر چیز خرید سکتے ہیں لیکن تمام تر صلاحیت ہونے کے باوجود وہ اُس طرح ایٹمی طاقت نہیں بن سکتے جس طرح کہ پاکستان نے خود کو مضبوط کیا ہے یعنی ہم خطہ میں امن و امان کے قیام کیلئے بھرپور رول ادا کرکے اپنی معیشت کو بھی مضبوط کر سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ خطے کے امن کے قیام میں پاکستان بہت اہمیت رکھتا ہے اسی وجہ سے پاکستان کو اس کے جغرافیائی محل وقوع، بڑی آبادی کی مارکیٹ ہونے اور اقتصادی ترقی کے امکانات کے حوالے سے خطے کا اہم ملک سمجھا جاتا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاستدان موجودہ حالات کی طرف متوجہ ہوں اور خطہ میں اہم کردار ادا کرنے کیلئے ایک دوسرے کا ساتھ دیں تاکہ خطہ کے مسائل میں پاکستان ثالثی کا رول ادا کر سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.