پاک فوج ہمارا فخر،پروپیگنڈا ہرگز قبول نہیں، شیخ ناصری
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)نمائندہ آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ) وسربراہ شوری علماء جعفریہ پاکستان علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہےکہ پاک فوج ہمارا فخر ہے اُس کے خلاف کسی قسم کا بھی پروپیگنڈا کسی بھی صورت ہمیں قبول نہیں ۔ پاکستان کو شام یا سوڈان ہرگز نہیں بننے دیں گے۔
پاک فوج نے پاکستان کے قیام سے اب تک ہمیشہ اپنے ملک اور عوام کی حفاظت کی ہے۔شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ 1965ءکی جنگ ہو، 1971ءکی جنگ ہو، 1984ءمیں سیاچن کا مسئلہ ہو، 1999ءمیں کارگل کا معرکہ ہو یا دہشت گردی کیخلاف جنگ ہو پاک فوج نے اس ملک کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔
شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ اس دھرتی کیلئے پاک فوج میں شامل جوانوں کی بلند حوصلہ مائوں نے اپنے بیٹے میدان جنگ میں بھیجے، بہنوں نے بھائی قربان کیے ،بیویوں نے اپنے سہاگ لٹائے، بھائیوں سے بھائی جدا ہو گئے،باپ اپنے جوان بیٹوں کے پرچم میں لپٹے تابوت کو اپنے ہاتھوں سے مٹی کے سپرد کرتے رہے اوربچے اپنے ابوکی راہ تکتے رہ گئے لیکن پاک فوج نے اس دھرتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی۔
شیخ ہادی حسین ناصری کا کہنا تھا کہ سیاست دان سیاست کریں غداری نہ کریں ملکی اداروں کا احترام ہر ایک پر فرض ہے اور یہی ملکی مفاد میں بھی ہے ہمیں پاکستان کی سالمیت کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے نہ کہ پروپیگنڈا۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو بنے 76برس گزر چکے ہیں ہمیں قیامِ پاکستان کے حقیقی مقاصد حاصل کرنے ہوں گے پاکستان بلاشبہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے مسلمانوں کے لئے ایک عنایت ہے، جس کی واضح دلیل یہ ہے کہ اس کا قیام رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں عمل میں آیا لاکھوں مسلمانوں نے اپنا خون دے کر ایسا مُلک دیا جہاں ہم آج آزادی سے سانس لے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں وہ واحد ملک ہے جو ہر طرح کی معدنیات سے مالا مال ہے ہمیں اللہ کی طرف سے دی گئی نعمتوں کا شکرگزار ہوتے ہوئے ملک میں سلامتی اور استحکام کیلئے کام کرنا چاہیے اب جب کہ جمہوریت اپنی پٹڑی پر چڑھ چکی ہے اور جمہوری ادوار کا ایک تسلسل جاری ہے تو سیاستدانوں کو بھی چاہیے کہ وہ اداروں اور ایک دوسرے پر الزامات کی بجائے ملکی معیشت کے استحکام کی طرف توجہ دیں۔