جمعۃ الوداع کے موقع پر فلسطینیوں کیلئے بھرپورآواز اُٹھائیں، شیخ ہادی حسین ناصری
نمائندہ آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ) وسربراہ شوری علماء جعفریہ پاکستان علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے جمعۃ الوداع کے حوالے سے شوریٰ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو جمعۃ الوداع کے عنوان سے یاد کیا جاتا ہے اس دن کو دنیا بھر کے مسلمان سب سے زیادہ فضیلت اور اور برکت والا دن سمجھتے ہیں جبکہ بے شک رمضان المبارک خود انتہائی روحانیت اور برکتوں والا مہینہ ہے یہ جمعہ قدرتی طور پر آخری عشرہ کی طاق راتوں میں آتا ہے ۔اس دن کو فضیلت کے لحاظ سے انتہائی اہمیت دی جاتی ہے اور اس یوم کو اس وقت دنیا بھر میں یوم القدس کے عنوان سے بھی پہچانا جاتا ہے ہر سال جمعۃ الوداع کو یوم القدس کے حوالے سے منانا نہ صرف مسلمانوں بلکہ پوری دنیا کیلئے اہمیت اختیار کر گیا ہے ۔
انہوں نےکہا کہ مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس اور انبیاء علیہم السلام کی سرزمین مقدس فلسطین ہی ہے جہاں ہزاروں انبیاء علیہم السلام کی آمد رہی اور پھر معراج کے لئے سفر مبارک کے وقت پہلے آپ ﷺ کو بھی مسجد حرام سے مسجد اقصیٰ جو کہ سر زمین فلسطین پر واقع ہے یہاں لایا گیا اور آج کل صیہونیوں کے ظلم سے سرزمین فلسطین کو نہتے مسلمانوں کے خون سے رنگین کیا جا رہا ہے ۔یہ بیچارے فلسطینی اس مقدس سرزمین پر غاصب اور جعلی صیہونی حکومت کے قیام سے اب تک زیرعتاب ہی ہیں جو گزشتہ ایک سو سال سے صیہونیوں کی مکاریوں اور فریب کاریوں کا سامنا کر رہے ہیں ۔
انہوں نےکہا کہ صیہونیوں کے مقاصد میں اہم ترین مقصد علیحدہ یہودی ریاست کے قیام کے ساتھ ساتھ قبلہ اول پر قبضہ کرنا بھی تھا اگرچہ ابھی تک صیہونی اپنے چال بازیوں میں مکمل طور پر کامیاب نہیں ہوئے اسی وجہ سے وہ ابھی غزہ میں بسنے والے فلسطینیوں کی نسل کشی کرنے پر مجبور ہوئے ہیں تاکہ بیت المقدس مکمل طور اُن کے قبضہ میں چلا جائے اور وہ غزہ کی پوری پٹی پر بھی اپنا قبضہ جما سکیں۔
انہوں نےکہا کہ تمام عالم اسلام اس سال جمعۃ الوداع کے موقع پرغزہ کےنہتے شہریوں پر ہونیوالے ظلم و بربریت کیخلاف بھرپور احتجاج یقینی بنائے تاکہ صیہونی اپنے بزدلانہ اقدامات سے باز آئے اور سلامتی کونسل کی قرارد پر عمل پیرا ہوتے ہوئے فوری جنگ بندی یقینی بنائے ۔