فزت و رب الکعبہ کی صدا نے منافقین کے تمام تر پروپیگنڈوں کا خاتمہ کردیا،شیخ ہادی حسین ناصری

0 291

نمائندہ آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ) وسربراہ شوری علماء جعفریہ پاکستان علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے امیر المومنین ،امام علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امیرالمومنین علیہ السلام کا عدل و انصاف اور طرز حکمرانی رہتی دنیا تک یاد رکھا جائیگا اُن کےساڑھے چار سالہ دور میں کوئی شخص بھوکا نہیں سویا ،کوئی فرد ایسا نہیں تھا جس کے پاس رہنے کیلئے چھت اور پہننے کیلئے کپڑا نہ ہو۔

علامہ شیخ ہادی حسین ناصری کا کہنا تھا کہ مسجد کوفہ میں وقتِ آخر فزت و رب کعبہ کی صدا اس بات کی گواہ ہے کہ امیرالمومنین علیہ السلام کی مسجد میں شہادت نے منافقین کی جانب سے پھیلائے جانیوالے ہر طرح کے پروپیگنڈوں کا خاتمہ کر کے رکھ دیا اور دنیا کو علیؑ بن ابی طالب کے عدل و انصاف کا قائل ہونا پڑاخصوصاً جب آپؑ نے اپنے قاتل کے حوالے سےوصیت کی جس میں آپؑ نے واضح طور پر کہا کہ’’ اے فرزندان عبد المطلب !میرے بعد ایسا نہ ہو کہ تم قتل امیر المومنین کے نعرے بلند کرتے ہوئے خون مسلمین سے ہاتھ رنگ بیٹھو خبردار میرے بعد فقط میرے قاتل کو قتل کرنا‘‘ امام علی علیہ السلام نے اس وصیت کے ذریعے فتنہ انگیزی کا راستہ ہمیشہ کیلئے روکدیا۔

علامہ شیخ ہادی حسین ناصری کا کہنا تھا کہ امیرالمومنین علیہ السلام نے اپنی ساری زندگی دین اسلام کی ترویج و اشاعت کیلئے صرف کی اور پوری دنیا کو زندگی گزارنے کا عملی طریقہ سکھایا اس لیے تو تمام تر سازشوں،بحرانوں اور جنگوں کے باوجود امام علی علیہ السلام کے دور کو اقوام متحدہ نے بھی کامیاب ترین دور تسلیم کیا اور مولا علیؑ کی طرز حکمرانی کو مثالی قرار دیا گیاکیونکہ امیرالمومنین علیہ السلام کے دور میں بلاتفریق ہر ایک فرد کی ضروریات کو پورا کیا گیا اور انہیں ضروریاتِ زندگی کیلئے کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلانا پڑا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.