مومنین رمضان المبارک میں قرب الہیٰ کے حصول کی کوشش کریں،شیخ ہادی حسین ناصری

0 210

نمائندہ آیت اللہ العظمٰی شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ) وسربراہ شوری علماء جعفریہ پاکستان علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے استقبال رمضان کے حوالے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مومنین رمضان المبارک میں زیادہ سے زیادہ استفادہ کرتے ہوئے قرب الہی کے حصول کی کوشش کریں اور فضول چیزوں اجتناب کرتے ہوئے اپنا وقت ضائع کرنے سے گریز کریں۔

انہوںنے کہا ہے کہ ان ایام میں ایک دوسرے کے ساتھ محبت سے پیش آئیں غریبوں اور مسکینوں کا خصوصی خیال رکھیں اپنے دسترخوان پر بیٹھنے سے پہلے امیرالمومنین علی بن ابی طالب علیہ السلام کے دسترخوان کو یاد رکھیں۔

انہوںنے کہا ہے کہ ایام رمضان المبارک میں زیادہ سے زیادہ قرآن مجید کی تلاوت کریں اور ترجمہ کے ذریعے قرآن کے پیغام کو سمجھنے کی کوشش کریں اور اس حوالے سے تفسیر اور شرح کی پڑھیں تاکہ آپ دین اسلام کے حقیقی معانی سے آشنا ہو سکیں۔

انہوںنے کہا ہے کہ رمضان المبارک تمام تر رحمتوں اور برکتوں کے ساتھ ہمارا منتظر ہے مساجد اور امامبارگاہوں کی رونقوں میں مزید اضافہ ہونیوالا ہے اس لیے ہمیں چاہیے کہ ہم اس برکتوں والے مہینے سے بھرپور استفادہ کریں اور اپنے دسترخوانوں کے ساتھ ساتھ دوسرے مومنین کا بھی خیال رکھیں۔

انہوںنے کہا ہے کہ اس وقت ہر طرف تقویٰ وپرہیزگاری کی نورانی چادر تنی ہوئی ہے اور خداوندقدوس نے تمام انسانوں کو یہ خوشخبری سنادی ہے کہ جو شخص روزہ رکھ کر تمام تر راتوں میں عبادت خداوندی اوراعمال صالح بجا لائے گااس کے تمام تر گناہ معاف کر دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں محض روزہ رکھنا کافی نہیں بلکہ اس حفاظت کرنا بھی ازحد ضروری ہوتا ہےکیونکہ یہی وہ مہینہ ہے جس میں حضرت ابراہیم علیہ السلام پر آسمان سے صحیفہ نازل ہوا، حضرت داؤد علیہ السلام پر زبورنازل ہوئی، حضرت موسیٰ علیہ السلام پر تورات اتاری گئی اور رسول خدا سیدالانبیاء حضرت محمد ﷺ پر قرآن نازل ہوا۔

انہوں نے کہا کہ خداوند قدوس نے قرآن کریم میں روزہ کی مقصدیت پر روشنی ڈالتے ہوئے ارشاد فرماتا ہے: یا ایھاالذین آمنوا کتب علیکم الصیام کما کتب علی الذین من قبلکم لعلکم تتقون۔ ’’اے ایمان والو! تم پر روزے فرض کئے گئے، جس طرح تم سے پہلے لوگوں پر فرض کئے گئے تھے، شاید کہ تم پرہیز گار بن جائو۔‘‘(البقرہ183)۔

یعنی قرآن نے واضح کر دیا کہ رمضان المبارک میں ہم پر روزے اس لیے فرض کیے گئے ہیں تاکہ ہم متقی اور پرہیز گار بن سکیں اس لیے ہمیں زیادہ سے زیادہ اعمال صالح انجام دینے چاہیں۔ فرزند رسول امام محمد باقر علیہ السلام کا ارشاد گرامی ہے،لِکُلِّ شَیئٍ رَبیع وَ رَبیعُ القُرآنِ شَهرُ رَمضان؛ ہر چیز کی ایک بہار ہوتی ہے، قرآن کریم کی بہار ماہ رمضان ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.