دھاندلی کے دعوے پاکستانی امیج کو خراب کرتے ہیں، شیخ ہادی حسین ناصری

0 155

آیت اللہ العظمٰی الشیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ) کے وکیل مطلق اور سربراہ شوریٰ علمائے جعفریہ پاکستان شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہے کہ جمہوریت کے خلاف کوئی سازش نہیں ہو رہی سیاسی پارٹیاں ایک دوسرے پر دھاندلی کے الزامات لگانا بند کریں اور ملک کو آئینی بحران کی جانب دھکیلنے کی بجائے ایوان میں بیٹھ کر ملکی مسائل کے خاتمہ اور معیشت کی بحالی کیلئے اقدامات اُٹھائیں اور موجودہ حالات کا پوری قوت سے مقابلہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے جمہوری عمل کو بچانا ہے کیونکہ یہی ملک کے وسیع تر مفاد میں ہے۔ دھاندلی کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے ایک دوسرے پر الزامات غیر اخلاقی حرکت ہے جن کے پاس دھاندلی یا انتخابی بے ضابطگی کا کوئی پروف موجود ہے تو وہ آئینی راستہ اختیار کرے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ دھاندلی کے دعوے پاکستان کے امیج کو دنیا بھر میں خراب کرتے ہیں  بغیر پروف کے دھاندلی کا دعویٰ کرنا ملک سے غداری کے زمرہ میں آتا ہے ایسی گفتگو سے گریز کیا جائے جس سے ملک کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں دھاندلی کے الزامات کی بجائے قوم کی خلوص دل کے ساتھ قوم کی خدمت کو ترجیح دیں اس سے خود بخود آپ کی سیاسی پوزیشن مستحکم ہوتی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ضد اور ہٹ دھرمی کے بجائے ہارنے والے سیاسی جماعتوں کو کھلے دل کے ساتھ نتائج کو تسلیم کرنا چاہیے ورنہ وہ اپنے اندر پیدا ہونےوالی کمزوریوں کو کبھی بھی تلاش نہیں کر پائیں گی اور ہمیشہ پاکستان کی بدنامی کا باعث بنتی رہیں گی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیاسی جماعتیں بہت جلد حکومتی تشکیل کا عمل مکمل کر کے ملک کو کسی بھی آئینی بحران کا شکار ہونے سے بچا لیں گی۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں پاکستان ایک تابناک مستقبل کی جانب گامزن ہوگا اوروقت کے ساتھ ساتھ غربت ، بے روزگاری اور مہنگائی کا خاتمہ خودبخود ہوتا چلا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل اور ہر طرح کی نعمتوں سے مالا مال ملک ہے خدا نے اس مملکت خداداد کو بے بہا نعتموں سے نوازا ہے اس لیے ہمیں خدا کا شکر ادا کرنا چاہیے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.