عام انتخابات ،پاکستانیوں نےذمہ دار قوم ہونےکا ثبوت دیا، شیخ ہادی حسین ناصری

0 212

آیت اللہ العظمٰی الشیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ) کے وکیل مطلق اور سربراہ شوریٰ علمائے جعفریہ پاکستان شیخ ہادی حسین ناصری نے عام انتخابات کے کامیاب انعقاد پر کہا ہے کہ عام انتخابات کے کامیاب انعقاد پر الیکشن کمیشن ،مسلح افواج، پولیس اور دیگر انتظامیہ یقیناً مبارکباد کی مستحق ہے۔

انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نے اس میں بھرپور رول ادا کر کے اس مشکل مرحلہ کو خوبصورت انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے دوران بہترین ٹرن آئوٹ مستحکم حکومت لانے کا پیش خیمہ ثابت ہوگا آج جس جوش و خروش سےعوام نے حق رائے دہی استعمال کیا وہ بے مثال تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے انتخابات میں بھرپور شرکت کرکے ایک ذمہ دار قوم ہونے کا ثبوت دیا اور سیاستدانوں اور سیاسی جماعتوں کو ایک مرتبہ پھر پاکستانی عوام کی خدمت کا موقع فراہم کیا ۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاکستان کی خاطر آج جس انداز میں نکلی اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی آج قوم نے ایک منظم قوم ہونے کا ثبوت دیا۔ شیخ ہادی حسین ناصری نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح عوام نے اپنے نمائندوں پر اعتماد کا اظہار کیا امید ہے سیاستدان بھی اُن کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے اور ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے بھرپور اقدامات یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے جس ہمت و جوانمردی سے مہنگائی بے روزگاری اور دہشتگردی کا مقابلہ کیا اُن کی ہمت اور عزم کو داد دینا پڑے گی ۔حالیہ دہشتگردی کےباوجود انتخابی عمل کا بھرپور حصہ بننا ایک زندہ قوم ہونے کی محکم نشانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حُب الوطنی اک ایسا جذبہ ہے جس کے تحت ہم اپنے وطن کو دوسرے ممالک پر ترجیح دیتے ہیں۔ حُب الوطنی قومی اتحاد اور سالمیت کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ یہ وطن کی ہی محبت ہے جو ہمیں اس بات کے لئے ابھارتی ہے کہ ملک کی خوشحالی اور ترقی کے لیے کام کریں اور کیا ہم لوگ اپنے ذاتی مفاد پر ملکی مفاد کو ترجیح دیتے ہیں؟۔

انہوں نے کہا کہ اس جذبہ حُب الوطنی کو سیاستدان بھی اُسی انداز میں اپنائیں اور بھرپور طریقے سے ملک کی خدمت کو شعار بنائیں تاکہ عوام کیلئے آسانیاں پیدا ہوں اور ملک حقیقی معانی میں ترقی کی راہوں پر گامزن ہو سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.