حسینیت قرآن و سنت کا راستہ، یزیدیت قرآن و سنت سے انحراف ہے، ملی یکجہتی کونسل

صوبائی صدر جاوید قصوری کا میڈیا بریفنگ میں کہنا تھا کہ یہ اجلاس اس بات کا عزم کرتا ہے کہ ماہ محرم الحرام میں امن، باہمی احترام کو یقینی بنایا جائے گا اور فلسفہ شہادت حسینؑ کے تذکرے کو عام کیا جائے گا۔

0 356

ملی یکجہتی کونسل پنجاب کا غیر معمولی اجلاس محمد جاوید قصوری کی صدارت جامع المرکز الاسلامی والٹن روڈ لاہور میں منعقد ہوا، جس میں علامہ نصیر احمد نورانی، حافظ محمد اقبال گھمن، میجر عبد المجید ایڈووکیٹ، لعل محمد خان، انجینئر علی رضا نقوی، حسن فاروق، قاری عبدالشکور، حافظ محمد حسنین اویسی، ضیغر عباسی، محمد فاروق چوہان، مفتی عمر، نوید زبیری، قاسم علی قاسمی سمیت پنجاب بھر سے اکابرین نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیلاب زدگان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار اور سانحہ آرمی ہیلی کاپٹر کے شہداء کیلئے دعا مغفرت کروائی گئی۔

اجلاس کے بعد پریس بریفنگ دیتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل پنجاب کے صدر محمد جاوید قصوری نے کہا کہ سیلاب زدگان کے حوالے سے امدادی سرگرمیوں پر مامور آرمی کے ہیلی کاپٹر حادثے نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا ہے۔ پاکستانی قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے۔ انہوں نے افغانستان میں امریکن ڈرون حملہ کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان ہمارا برادری اسلامی ملک ہے، ایسے حملے دو ملکوں کے عوام کے درمیان نفرتوں کے فروغ کا باعث بن سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس ملک بھر کے علماء کرام سے درخواست کرتا ہے کہ میدانِ کربلا میں حق اور باطل کا معرکہ، اہل ایمان کی مشترکہ طاقت ہے، علماء کرام میں محرم میں امن اور احترام کے جذبات کو فروغ دیں۔ حسینیت قرآن و سنت کا راستہ اور یزیدیت قرآن و سنت سے انحراف ہی انحراف ہے۔ یہ اجلاس اس بات کا عزم کرتا ہے کہ ماہ محرم الحرام میں امن، باہمی احترام کو یقینی بنایا جائے گا اور فلسفہ شہادت حسینؑ کے تذکرے کو عام کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.