رجب میں اخوت و بھائی چارہ کی فضا قائم کی جائے، شیخ ہادی حسین ناصری
آیت اللہ العظمٰی الشیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ) کے وکیل اور سربراہ شوریٰ علمائے جعفریہ پاکستان شیخ ہادی حسین ناصری نے ہفتہ وار درس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رجب المرجب کے مہینہ میں ملکی سلامتی ، اخوت و بھائی چارہ کی فضا قائم کی جائے۔ تمام اہل اسلام اس عظیم موقع پر نہ صرف اپنے لیے دُعائیں بلکہ ہرایک کو اپنی دُعائوں میں یاد رکھیں رجب کے معنی قربانی اور تعظیم کے ہیں اور یہ مہینہ بہت زیادہ عظمتوں اور برکتوں والا ہے ۔
شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ اس میں نیکیوں کا اجر کئی گنا ہوجاتا ہے اور انسان کے گناہ اس میں بخش دیئے جاتے ہیں جو شخص اس مہینہ میں روزہ رکھتا ہے تو جہنم کی آگ سو برس کے فاصلہ پر اس سے دور ہوجاتی ہے اور بہشت کے دروازے اس کے لئے کھول دیئے جاتے ہیں۔ اس اہم موقع پر ہمیں پاکستان کی سلامتی بھرپور دُعائیں کرنی چاہیے ۔
شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ جنت میں رجب نام کی ایک نہر ہے کہ جس کا پانی دودھ سے زیادہ سفید اور شہد سے زیادہ میٹھا ہے اور جو شخص اس مہینہ میں روزہ رکھتا ہے اللہ تعالیٰ اس کے پاک و شفاف پانی میں سے روزہ دار کو پلائے گا ۔
شیخ ہادی حسین ناصری نے پاکستان اور ایران کے تعلقات کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات ہمیشہ دوستانہ رہے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کا خوف کسی کونہیں ہونا چاہیے کہ ان کی ناراضگی طوالت اختیار کریگی دونوں ممالک کی قیادتیں اس بات سے اچھی طرح آشنا ہیں کہ دونوں ممالک کے عوام کسی طور پر بھی ایک دوسرے سے دور نہیں رہ سکتے۔