غزہ جنگ روکنا مغربی طاقتوں کے ہاتھ میں ہے، شیخ ہادی حسین ناصری
آیت اللہ العظمٰی الشیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ) کے وکیل اور سربراہ شوریٰ علمائے جعفریہ پاکستان شیخ ہادی حسین ناصری نے شوریٰ نیوز سے گفتگو میں کہا کہ غزہ جنگ روکنا مغربی طاقتوں کے ہاتھ میں ہے ۔
جس طرح صیہونی حکومت نے فلسطینی مزاحمت کو بنیاد بنا کر وہاں نسل کشی شروع کی اورغزہ کو معصوم فلسطینی بچوں کا قبرستان بنادیا اُس پر مغرب نے بھرپور ساتھ دیکر یہ ثابت کردیا کہ مغرب میں انسانیت نام کی کوئی چیز نہیں۔
ایسا لگ رہا ہے جیسے مغرب کی جانب سے صلیبی جنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے ،پتہ نہیں تمام مسلم ممالک ان حقائق سے آشنا ہونے کے باوجود کیوں خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔
صیہونی دہشت گردمسلمانوں پر ظلم اور قہر ڈھارہے ہیں اوریہ ایسا قہر ہے جو فلسطینیوں پر گزشتہ سات دہائیوں میں نہیں ڈھایا گیاان مظالم سے تو انسانیت شرما کر رہ گئی۔
غزہ مکمل طور پر مسلسل بمباری کی زد میں ہےجہاں کوئی محفوظ جگہ نہیں،انسانیت سسک رہی ہے، ہسپتال تباہ ہوچکے ہیں۔
شہریوں کے لیے انسانی زندگی کے ہولناک المیے رونما ہو رہے ہیں فلسطینیوں کی قبروں تک کو اکھاڑا جا رہا ہے،غزہ کے زخمیوں کے لیے ادویات اورمیڈیکل آلات ختم ہوچکے ہیں۔
خوراک کی قلت ہولناک صورت حال اختیار کر گئی ہے، اسرائیل تمام عالمی قوانین اورعالمی انسانی حقوق چارٹر کی پامالی کے جرائم کا ارتکاب کررہاہے ۔
مسلم ممالک خاموش تماشائی بنے مسلمانوں کے خلاف ہونیوالی والی ظلم و بربریت کو ایسے دیکھ رہے ہیں جیسا کہ ظلم و جور صرف فلسطینیوں تک ہی محدود رہیگا۔