مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں نوجوان شہید
بارہمولا اور قریبی علاقوں میں موبائل و انٹرنیٹ سروس بند
مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسز نے ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نوجوان کوشہید کردیا۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسز نے بارہمولا کے علاقے میں نام نہاد سیکورٹی آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے کشمیری نوجوان کو شہید کیا، بارہمولا اورقریبی علاقوں میں موبائل اورانٹرنیٹ سروس بھی بند کردی گئی۔
بھارتی فوجیوں نے نوجوان کو ضلع کے علاقے وانیگام بالا میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا، اس سے قبل اسی علاقے میں ایک حملے میں دو بھارتی فوجی اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔
ادھر سفاک بھارتی حکومت نے غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کو اسپتال سے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل منتقل کردیا، یاسین ملک کو جیل میں طبیعت بگڑنے پرمنگل کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا ۔ وہ اپنے خلاف درج جھوٹے مقدمات میں منصفانہ ٹرائل نہ ملنے کے خلاف 22جولائی سے بھوک ہڑتال پر ہیں۔