ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی عزاداری سیل کا اجلاس، صوبائی و وفاقی حکومت سے فوری رابطوں کا فیصلہ
علامہ مقصود ڈومکی کا کہنا تھا کہ محرم الحرام میں ہر لحاظ سے ملکی فضاء پرامن بنانے کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے ہمیشہ اپنا مثبت رول پلے کیا ہے اور آئندہ بھی اپنا کردار پیش کرتی رہے گی۔
سنٹرل سیکرٹریٹ اسلام آباد میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی عزاداری سیل کا اجلاس علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیرصدارت منعقد ہوا، جس میں ملک بھر میں عزاداری کے اجتماعات، مجالس عزاء، جلوس ہائے عزاء اور انتظامیہ کے گذشتہ سالوں کے رویئے اور حالیہ مسائل و مشکلات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس اجلاس میں اقرار حسین ملک مرکزی سیکرٹری ایمپائز ونگ، علامہ احمد نوری ممبر جی بی کونسل، حسن رضا کاظمی ممبر آرگنائزنگ کمیٹی پنجاب و عزاداری کونسل پنجاب، مولانا نیاز حسین بخاری، مولانا ظہیر کربلائی، نجیب الحسن نقوی، ارشاد حسین بنگش، مولانا سید علی رضا اور سید یاور علی کاظمی شریک تھے۔
اجلاس میں کئی ایک فیصلے کئے گئے اور صوبائی حکومتوں سے فوری روابط اور وفاقی حکومت سے اس سلسلے میں رابطے پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر علامہ مقصود ڈومکی کا کہنا تھا کہ محرم الحرام میں ہر لحاظ سے ملکی فضاء پرامن بنانے کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے ہمیشہ اپنا مثبت رول پلے کیا ہے اور آئندہ بھی اپنا کردار پیش کرتی رہے گی۔