سیدہ فاطمہ ؑ کی ولادت باسعادت پر شوریٰ علمائے جعفریہ کا ہدیہ تبریک
شوریٰ علمائے جعفریہ پاکستان نے ولادت باسعادت سیدہ زہرا سلام اللہ علیہا کے موقع پر اعلامیہ جاری کرتے ہوئے عالم اسلام بالخصوص امام زمانہ علیہ السلام کے حضور ہدیہ تبریک پیش کیا۔
شوریٰ علمائے جعفریہ پاکستان نے اپنے اعلامیہ میں کہا جناب سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا ایسی ہستی ہیں جن کی ولادت کے موقع پر رسول اللہ ﷺ نے سیدہ خدیجہؑ سے فرمایا کہجبرائیل نے مجھے بشارت دی ہے کہ ہمارا یہ پیدا ہونے والا فرزند لڑکی ہے ، اور تمام آئمہ معصومین علیھم السلام اسی کی نسل سے ہوں گے۔
مکہ میں جب قریش خانہ کعبہ کی تعمیر میں مصروف تھے تو جمعہ کے روز20 جمادی الثانی بعثت کے پانچویں سال شہزادی کونین فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا دنیا میں تشریف لائیںجن کے فضیلتوں کا ادراک کرنا ہمارے سے بس سے باہر ہے۔
سیدہ فاطمہ سلام اللہ علیہا نےسیدالانبیاء کے گھرمیں پرورش پائی اور رسول اسلام ﷺ کے فیض بخش وجود سے استفادہ کرتی تھیں آپ کے کمالات اور خدا کے ہاں خاص طرح کے مقام و مرتبہ کی وجہ رسول اکرمﷺ اپنی بیٹی سے بےپناہ محبت کرتے تھے۔
ایک روز آپ کی زوجہ حضرت عائشہ ؓنے آپ سے سوال کیا ، کیا آپﷺ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو اتنا چاہتے ہیں کہ جب وہ آتی ہیں تو آپﷺ تعظیم کے لئے کھڑے ہو جاتے ہیں اور ان کے ہاتھوں کو بوسہ دیتے ہوئے اپنے برابر میں جگہ دیتے ہیں ؟ آپ ﷺنے جواب میں ارشاد فرمایا : اے “عائشہ “اگر تمہیں یہ معلوم ہو جائے کہ میں فاطمہ سلام اللہ علیہا کو کیوں دوست رکھتا ہوں تو تم بھی انھیں محبوب رکھو ۔
آپ ﷺسید ہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیھا کو اپنا ٹکڑا سمجھتے تھے اور فرماتے تھے کہ ” فاطمہ میرا ٹکڑا ہے جس نے اسے اذیت دی اس نے مجھے اذیت دی اور جس نے اسے راضی کیا اس نے مجھے خوش کیا ” ایک روز پیغمبر اسلام ﷺ نے ارشادفرمایا “فاطمہ ؑخدا تیری خوشنودی پر خوش ہوتا ہے اور تیری ناراضگی پر غضبناک ہوتا ہے ”
سیدہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا صورت ، سیرت ، رفتار ، اور گفتار میں سب سے زیادہ اپنے پدر محترم سے مشابہ تھیں ، پیغمبر اسلام ﷺ کی زوجہ ام سلمی فرماتی ہیں فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا سب سے زیادہ رسول اللہ ﷺسے مشابہ تھیں۔