مقبوضہ کشمیر میں عسکری سرگرمیوں کے الزام میں 4 رہائشی مکانات اور 3 گاڑیاں ضبط
پولیس بیان کے مطابق غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ، 1967 کے سیکشن 25 کے ذریعے حاصل اختیارات کے استعمال میں ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے ان معاملات میں غیر منقولہ/منقولہ جائیدادوں کو ضبط کرنے کی منظوری دی ہے
جموں و کشمیر پولیس نے اتوار کے روز 4 رہائشی مکانات کو ضبط کرنے اور عسکری سرگرمیوں میں مدد فراہم کرنے کے لئے استعمال ہونے والی 3 گاڑیوں کو ضبط کرنے کی منظوری دی ہے۔ کشمیر زون پولیس نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ پولیس ہیڈکوارٹر کے مختلف احکامات کے تحت چار رہائشی مکانات کو منسلک کرنے کی منظوری دی گئی ہے جو عسکری کارروائیوں کیلئے پناہ دینے اور مدد فراہم کرنے میں ملوث تھے۔ اس کے علاوہ غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال ہونے والی ایک دو پہیہ گاڑی سمیت تین گاڑیوں کو ضبط کرنے پر کے احکامات بھی صادر کئے گئے ہیں۔ پولیس نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ دوران تفتیش یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ملزمان نے ملی ٹینٹوں کو کئی بار عسکری حملے کرنے کے لئے اپنے گھروں میں پناہ دی اور تمام لاجسٹک سپورٹ فراہم کی ہے۔ پولیس بیان کے مطابق غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ، 1967 کے سیکشن 25 کے ذریعے حاصل اختیارات کے استعمال میں ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے ان معاملات میں غیر منقولہ/منقولہ جائیدادوں کو ضبط کرنے کی منظوری دی ہے۔