آج حسنین کریمینؑ کے سر سے ماں کا سایہ چھن گیا، شیخ ہادی حسین ناصری

0 541

آیت اللہ العظمٰی الشیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ) کے وکیل اور سربراہ شوریٰ علمائے جعفریہ پاکستان شیخ ہادی حسین ناصری نےسیدہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیھا کے یومِ شہادت پر امام زمانہ (عج) کے حضور تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن کی کیفیت یومِ عاشور کی سی ہے کیونکہ جگر گوشہ رسولؐ آج دنیا سے رخصت ہوئیں اورجناب حسنین کریمینؑ کے سر سے ماں کا سایہ چھن گیا۔

شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ جناب سیدہ سلام اللہ علیھا وہ ہیں جن کی مرضی پیغمبر اکرم ﷺکی مرضی ہے اور پیغمبرﷺکی مرضی خدا کی رضا ہے، جن کا غضب پیغمبر ﷺ کا غضب اور پیغمبرﷺ کا غضب خدا کا غضب ہے وہی رسول کی بیٹی آج دنیا سے رخصت ہورہی ہیں اور اس کے ساتھ اولاد زہراء کے غم کے ایام شروع ہوچکے ہیں ۔

شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا جناب سیدہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیھا دنیا کی واحد ماں ہیں جن کی گود عصمت میں دو اماموں نے بیک وقت تربیت پائی ایک شہزادہ امن بنے تو دوسرے نے لاکھوں کے یزیدی لشکر کو اپنے آخری سجدہ سے مات دیدی اور دنیا کو بتا دیا کہ ہم ہی وارثِ دین اسلام اورہم ہی محافظِ دین اسلام ہیں۔

شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ جناب سیدہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیھا محافظ امامت و ولایت ہیں انہوں نے اپنے بابا کے دنیا سے رخصت ہونے کے بعد جس انداز میں ’’علیًّا ولی اللّہ‘‘ کو بچایا اس انداز میں یقیناً سیدالانبیاؐ کی بیٹی کے علاوہ کوئی نہیں بچا سکتا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.