قرآن بورڈ کا ناشرین قرآن کی رجسٹریشن کی ’’تجدید‘‘ کا اعلان
ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کا کہنا تھا کہ ناشران قرآن کریم کی رجسٹریشن عمل کو نہایت آسان ترین اور صاف شفاف بنایا جائے گا۔ قرآن کریم پوری انسانیت کیلئے ضابطہ حیات ہے اور قیامت تک آنیوالی انسانیت کیلئے ہدایت کا سرچشمہ ہے۔
دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ و چیئرمین قرآن بورڈ پنجاب علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ ناشرین قرآن کریم کی رجسٹریشن کی تجدید کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔ ناشران قرآن کریم کی رجسٹریشن عمل کو نہایت آسان ترین اور صاف شفاف بنایا جائے گا۔ قرآن کریم پوری انسانیت کیلئے ضابطہ حیات ہے اور قیامت تک آنیوالی انسانیت کیلئے ہدایت کا سرچشمہ ہے۔ قرآن پاک کی ہر سورت اور ہر آیت معجزہ ہے اور اس کی حفاظت کا ذمہ اللہ کریم نے خود اٹھایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن ناشران قرآن اردو بازار لاہور کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر انجمن کاشف اقبال،نائب صدر وسیم آفتاب، سیکرٹری جنرل ابوبکر صدیق، جوائنٹ سیکرٹری محمد احمد اور ڈاکٹر فاروق احمد نے علامہ ڈاکٹر راغب نعیمی کو چیئرمین قرآن بورڈ پنجاب بننے پر مبارکباد دی اور انجمن کی طرف سے گلدستہ پیش کیا۔
صدر انجمن کاشف اقبال نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کی حفاظت و اشاعت بہت بڑے اعزار اور فخر کی بات ہے۔ غلطیوں پاک قرآن کریم کی اشاعت بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ علامہ راغب نعیمی جیسے جید عالم دین و مذہی سکالر کو قرآن بورڈ کا چیئرمین مقرر کئے جانا علمی حلقوں کے لئے خوش آئند بات ہے۔ اُمید ہے کی علامہ راغب نعیمی کی سربراہی میں ادارہ مزید ترقی کرے گا۔ اس موقع پر چیئرمین قرآن بورڈ پنجاب علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ قرآن حکیم کا گہرائی اور دل چسپی سے مطالعہ کیا جائے تو یہ ایک ایسی عالم گیر کتاب ہے جس میں تمام شعبہ ہائے زندگی کی راہ نمائی کیلئے وسیع موضوعات، مسائل اور ان کا حل موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قرآن پاک کی تعلیم دینا اور حفظ کرنا سعادت اور بڑا اعزاز ہے، خوش نصیب ہیں وہ والدین جو اپنے بچوں کو دینی تعلیم کی ترغیب دیتے ہیں۔ قرآن کریم عظمت والی کتاب جس کا تعلق قرآن سے جڑ گیا وہ کامیاب و کامران ہو گیا۔ دُنیا و آخرت کی کامیابی کیلئے اسلامی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا۔