مجھے قتل کیا گیا تو ذمہ دار رانا ثناء اللہ ہونگے، صاحبزادہ حامد رضا

سنی اتحاد کونسل کے سربراہ نے سکیورٹی خدشات پر ویڈیو بیان جاری کیا ہے، جس میں انکا کہنا ہے کہ مجھے قتل کرنے کیلئے ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے، مسلسل فون کرکے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ ورثاء میرے قتل کا بدلہ خود لیں گے

0 205

اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا ہے کہ مجھے قتل کیا گیا تو وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ ذمہ دار ہوں گے۔ اطلاعات کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے سکیورٹی خدشات پر ویڈیو بیان جاری کیا ہے، جس میں ان کا کہنا ہے کہ مجھے قتل کرنے کیلئے ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے، مسلسل فون کرکے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورثاء میرے قتل کا بدلہ خود لیں گے۔ صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس مجھے قتل کی دھمکیاں دیئے جانے کا نوٹس لیں، لاہور ہائیکورٹ میں اپنی سکیورٹی بحالی کیلئے اپیل دائر کی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ صاحبزادہ حامد رضا نے چیئرمین قرآن بورڈ پنجاب کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور عثمان بزدار کا شکر گزار ہوں، جنہوں نے مجھے یہ ذمہ داری دی، قرآن بورڈ کیلئے بہترین خدمات دیں، اب استعفیٰ دینا مناسب سمجھتا ہوں۔ صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ غیر آئینی وزیراعلیٰ کے ماتحت کام کرنا میرے ضمیر کیخلاف ہے، قاتلوں اور ڈاکوؤں کی حکومت کا حصہ نہیں رہ سکتا۔ خیال رہے کہ صاحبزادہ حامد رضا کو جولائی 2020ء میں قرآن بورڈ کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.