کشمیر بلادِ اسلامیہ کا حصّہ ہے، کشمیریوں پر ہونیوالے مظالم سے ہم سخت رنجیدہ ہیں، بین الاقوامی کشمیر کانفرنس

0 291

پاک نیوز۔ کشمیر بلادِ اسلامیہ کا حصّہ ہے، ہم اسے فراموش نہیں کرسکتے۔ کشمیریوں پر ہونے والے مظالم سے ہم سخت رنجیدہ ہیں۔ مظلوم کشمیریوں کا دکھ ہم سب کا دکھ ہے۔ عالمی برادری کو انسانی حقوق اور احترامِ آدمیّت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشمیریوں کو اُن کا حق دلانا چاہیئے۔ ان خیالات کا اظہار اسلامی جمہوریہ ایران میں منعقدہ ایک بین الاقوامی کشمیر کانفرنس میں کیا گیا۔ کانفرنس سے عراق، یمن، بحرین، شام، آذربائیجان، ایران، قزاقستان، ترکمانستان، پاکستان، آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے ممتاز دانشوروں اور علمائے کرام نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں کو خداوندِ عالم کی مدد و نصرت پر انحصار کرتے ہوئے استقامت کے ساتھ اپنی جدوجہد کو آگے بڑھاتے رہنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے آئینی، اخلاقی، سیاسی اور دینی حقوق کیلئے جہاد کرنے والے کبھی تھکا نہیں کرتے۔ کشمیریوں نے گذشتہ چوہتر سالوں میں جو انتھک جدوجہد کی ہے، وہ اپنا رنگ ضرور دکھائے گی۔

کانفرنس کا اہتمام سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم نے ایران کے شہر قم میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے تعاون سے کیا۔ کانفرنس سے آقای نذر حافی، ڈاکٹر سید شفقت شیرازی، آقای احمد میر کشمیری، ڈاکٹر علی اکبر باراتی، محترم احمد شامی، شیخ حسین کریمو اور سید مرتضیٰ سمیت متعدد شرکاء نے گفتگو کی۔ 5 فروری کو اس کانفرنس کا آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے کیا گیا اور کانفرنس کا افتتاحی بیانیہ محترم نذر حافی نے بیان کیا جبکہ اس کانفرنس کے ایجنڈے کی اہمیت اور مقاصد پر حجۃ الاسلام ڈاکٹر شفقت شیرازی نے روشنی ڈالی۔ یاد رہے کہ سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم کی طرف سے 5 فروری کے حوالے سے عرب سوشل میڈیا پر ایک موثر اور منظم کمپین بھی چلائی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.