مقبوضہ کشمیر میں یوم ولادت امام حسین (ع) کی تقریبات

0 595

پاک نیوز –نواسہ رسول (ص) حضرت امام حسین (ع) کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے پوری دنیا کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر میں بھی پروقار تقریبات منعقد ہوئیں۔ سرینگر میں حسینی خدمتگار کمیٹی کے زیراہتمام محفل مشاعرہ منعقد ہوا۔ جس میں شعراء کرام نے امام حسین (ع) کے تئیں اپنا منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ تقریب میں اپنے صدارتی خطاب میں مولانا مقبول حسین قمی نے امام حسین (ع) کے آفاقی پیغام امن، مساوات اور عدل و انصاف پر تفصیلی گفتگو کی۔ اسلام ٹائمز سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے پشاور سانحہ کی پُرزور الفاظ میں مذمت کی اور اتحاد اسلامی کو قائم رکھنے پر تاکید کی۔ درایں اثناء جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام قدیمی امام باڑہ حسن آباد میں ایک شاندار جشن ولادت کا انعقاد کیا گیا، جس میں شاخہاے حوزہ جامعہ باب العلم کے سینکڑوں طلباء و طالبات کے علاوہ لوگوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سعید کی صدارت انجمن شرعی شیعیان کے صدر مولانا آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض توفیق حسین ملک نے انجام دیئے۔ آغا سید حسن کے علاوہ جن معززین نے تقریب سعید سے خطاب کیا، ان میں میرواعظ کشمیر کے نمائندہ مولانا عبدالرحمان شمس، مولانا سید محمد حسین اور مولانا خورشید احمد قانونگو شامل ہیں۔ آغا سید حسن نے حضرت امام حسین (ع) کی سیرت و کردار کے مختلف گوشوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ماہ شعبان المعظم نواسہ رسول (ص) حضرت امام حسین (ع)، کربلا کی خاتون آہن حضرت زینب الکبریٰ (س)، سید الساجدین حضرت امام زین العابدین (ع)، علمدار کربلا حضرت ابا الفضل عباس (ع) اور حضرت علی اکبر (ع) کا ماہ ولادت ہے۔

آغا سید حسن موسوی نے کہا کہ ان برگزیدہ شخصیات نے حق و انسانیت اور پرچم اسلام کی سربلندی کے لئے تاریخ بشریت میں سب سے بڑے اور صبر آزما کردار و عمل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اہل بیت نبوی (ص) ہر زمانے میں ستمگر اور باطل قوتوں کے لئے درد سر بنے رہے، اہل بیت (ع) سے محبت و مودت بالخصوص مولا حضرت امام حسین (ع) سے منفرد عشق و وابستگی کے جرم میں لا تعداد مسلمانوں کو تہہ تیغ کیا گیا اور یہ سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور پاکستان میں خودکش حملے میں درجنوں نمازیوں کی شہادت کا سانحہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اس دوران مولانا خورشید احمد قانونگو نے بھی پشاور سانحہ کی پُرزور الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ایسے عناصر کا اسلام سے دور دور کا کوئی واسطہ نہیں ہے۔ مکمل ویڈیو رپورٹ پیش خدمت ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.