اسلامی تحریک بھی تحریک انصاف کی اتحادی بن گئی، جی بی حکومت میں شامل ہونے کا اعلان
وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید اور سابق گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون سے مرکزی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر علامہ شبیر حسن میثمی کی قیادت میں اسلامی تحریک کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ ترجمان وزیراعلیٰ کیجانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں اسلامی تحریک پاکستان نے گلگت بلتستان حکومت میں باضابطہ شامل ہونے کا اعلان کیا۔
اسلامی تحریک پاکستان نے تحریک انصاف گلگت بلتستان کے ساتھ اتحاد کرتے ہوئے صوبائی حکومت کا باقاعدہ حصہ بننے کا اعلان کر دیا۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید اور سابق گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون سے مرکزی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر علامہ شبیر حسن میثمی کی قیادت میں اسلامی تحریک کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ ترجمان وزیراعلیٰ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں اسلامی تحریک پاکستان نے جی بی کے عوام کی فلاح و بہبود، صوبے کی جامع ترقی اور دیرینہ مسائل کے حل کے لئے چیئرمین عمران خان کے ویژن اور پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ خالد خورشید کی قیادت پر بھرپورُ اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے گلگت بلتستان حکومت میں باضابطہ شامل ہونے کا اعلان کیا۔
وفد نے اس اتحاد کے ذریعے صوبائی حکومت کی مضبوطی کے لئے ساتھ چلنے اور صوبے کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے اسلامی تحریک کو جی بی حکومت میں خوش آمدید کہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ اتحاد جی بی کی حکومت کو مضبوط کریگا۔ اس اتحاد سے گلگت بلتستان میں پی ڈی ایم کے سیاسی عزائم و سازشیں ناکام ہونگی۔ یہ اتحاد جی بی کی پائیدار تعمیر وُ ترقی کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے، خطے میں بھائی چارگی اور امن و امان کے فروغ کے لئے اہم کردار ادا کریگا۔