حقیقی آزادی مارچ کے شرکاء پر امپورٹڈ حکومت کا تشدد قابل مذمت ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

اپنے ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ نے پوری قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ بھرپور انداز میں اپنے گھروں سے نکلیں اور امریکی تسلط اور غلامی سے نجات کی اس تحریک کا حصہ بنیں۔

0 273

چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے حقیقی آزادی مارچ کے پرامن شرکاء پر بدترین ریاستی ظلم و تشدد کی بھرپور مذمت کی ہے۔ میڈیا کو جاری اپنے بیان میں انہوں نے امپورٹڈ حکومت کے ظالمانہ رویئے کو آمرانہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے پوری قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ بھرپور انداز میں اپنے گھروں سے نکلیں اور امریکی تسلط اور غلامی سے نجات کی اس تحریک کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے امریکی مداخلت کا خاتمہ شہید قائد کی آواز تھی، احتجاج میں رکاوٹ عوام کا آئینی حق چھیننے کے مترادف ہے، احتجاج میں رکاوٹ بننے والے ملک سے امریکی تسلط کا خاتمہ نہیں چاہتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی مداخلت کے خاتمے کے لیے خودار اور باشعور شہری لانگ مارچ میں بھرپور انداز میں شریک ہوں، یہ پاکستان کو امریکی استعماری شکنجے سے آزادی دلانے کی قومی تحریک ہے، جس میں قوم کے جوانوں، بزرگوں، بچوں، ماؤں، بہنوں کا اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ایم ڈبلیو ایم کے اہم اجلاس میں آزادی مارچ کی حمایت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کا اعلیٰ سطح وفد کارکنان کی بڑی تعداد کے ہمراہ آزادی مارچ میں شرکت کے لیے روانہ ہوچکا ہے، وفد کی قیادت علامہ احمد اقبال رضوی کر رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.