روزِ بعثت اور یوم تاسیس مجمعِ طلاب سکردو کی مناسبت سے عظیم الشان تقریب کا انعقاد

0 245

پاک نیوز-روزِ بعثتِ پیغمبرِ اِسلام حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور مجمع طلاب سکردو کے یوم تاسیس کی مناسبت سے ایک عظیم الشان تقریب مجمع کے دفتر میں منعقد ہوئی، جس سے استاد حوزہ علمیہ قم آیت اللہ سید حامد رضوی نے خطاب کیا۔ تفصیلات کے مطابق، جش کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کا شرف قاری فضل احمد صابری نے حاصل کیا، جبکہ منقبت خواں حضرات برادران نیاز فیاضی، محمد حسین ذاکری، بشارت امامی، فدا ذاکری اور حاجی اختر نے بارگاہ اہلبیت عصمت و طہارت علیہم السلام میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ اس پروقار جشن کی نظامت کے فرائض مجمع کے جنرل سیکرٹری جعفر حسن سبحانی نے سرانجام دیئے۔ مجمع طلاب سکردو کے سابق صدر حجۃ الاسلام ڈاکٹر شيخ محمد نذیر عرفانی نے الوداعی خطاب کرتے ہوئے اپنی 4 سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔

صدر محفل استاد حوزہ علامہ سید حامد رضوی نے سابق صدر اور کابینہ کے اراکین کی 4 سالہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے نئے میر کاروان حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ مبشر حسن مقدسی اور ان کی کابینہ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

استاد حوزہ نے اپنے خطاب میں فلسفۂ بعثتِ رسول خاتم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر روشنی ڈالتے ہوئے آنحضرت کی ذاتِ مقدسہ کو اقوام عالم کے لئے اسوۂ حسنہ قرار دیا اور بعثتِ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تمام انسانی معاشروں کے لئے خداوند متعال کی جانب سے ایک عظیم نعمت قرار دیا۔

انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ آج اگر دنیا میں ظلم و بربریت کا بازار گرم ہے تو وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ و سلم کی سیرت اور تعلیمات سے دوری کا نتیجہ ہے، کہا کہ اقوام عالم خصوصاً عالم اسلام کو چاہیئے کہ وہ پیغمبر اسلام کی ذاتِ مقدسہ کو اپنے لئے اسوۂ حسنہ اور اتحاد و وحدت کا محور قرار دیں۔ تقریب کے آخر میں، استاد حوزہ علمیہ قم علامہ سید حامد رضوی نے مجمع کے نئے صدر حجۃ الاسلام شیخ مبشر حسن مقدسی اور ان کی کابینہ سے حلف لیا۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.