عالمی برادری کا دوہرا معیار انسانیت اور امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے، علامہ ساجد نقوی

اپنے بیان میں ایس یو سی پاکستان کے سربراہ کا کہنا تھا کہ آج پوری دنیا میں عالمی یوم امن اور یوم روشنی کے طور پر منایا جا رہا ہے یہ کھلا تضاد اور دوہرا معیار ہے، ایک طرف عالمی یوم امن و روشنی منایا جا رہا ہے تو دوسری طرف مظلوم فلسطینیوں سے آج سات دہائیاں قبل آج کے روز امن کیساتھ ان کے مستقبل کی روشنی بھی چھین لی گئی۔

0 166

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے ایک طرف یوم امن منایا جا رہا ہے مگر دوسری طرف بدامنی کو مسلسل شہ اور پش پناہی کی جا رہی ہے، عالمی قوتوں کو اس دوہرے معیار کو ترک کرنا ہوگا، 16 مئی 1948ء کو جس طر ح ناجائز، قابض صیہونی ریاست کو قائم کیا گیا اسی روز دنیا خصوصاً مشرق وسطیٰ میں بدامنی کا بیج بو دیا گیا تھا، اب دنیا کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ ظالم کیساتھ ہے یا مظلوم کیساتھ ؟دوہرا معیار اور عالمی مناقفت ہی انسانیت اور امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے، اسرائیلی ظالم و قابض فوج سے جنازے تک محفوظ نہیں، جرات مند فلسطینی صحافی کے جنازے کو بھی پامال کرنے کی کوشش کی گئی، اس سے بڑھ کر درندگی کیا ہوگی؟

ان خیالات کا اظہار علامہ ساجد نقوی نے مشرق وسطیٰ میں ناجائز و قابض صیہونی ریاست کے قیام اور عالمی یوم امن و روشنی پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا میں عالمی یوم امن اور یوم روشنی کے طور پر منایا جا رہا ہے یہ کھلا تضاد اور دوہرا معیار ہے، ایک طرف عالمی یوم امن و روشنی منایا جا رہا ہے تو دوسری طرف مظلوم فلسطینیوں سے آج سات دہائیاں قبل آج کے روز امن کیساتھ ان کے مستقبل کی روشنی بھی چھین لی گئی۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ پیلٹ گنز ہوں یا جدید ترین ہتھیاروں کا استعمال، میزائلوں سے رہائشی علاقوں میں بمباری ہو یا قبلہ اول میں عبادت میں مصروف نہتے انسان، ان سے زندگی کی روشنی اور امن ہر طریقے اور ہر حیلے کیساتھ چھین لی گئی مگر دنیا اس معاملے پر چند مذمتی بیانات کے ساتھ خاموش ہو جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج صورتحال یہ ہے کہ اسرائیلی مظالم کو آشکار کرنیوالی خاتون صحافی کے جنازے پر بھی دھاوا بول دیا گیا اور اسے پامال کرنے کی کوشش کی گئی اس سے بڑھ کر درندگی کی مثال کیا ہوگی؟ انہوں نے کہا کہ اب دنیا کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ ظالم کیساتھ ہے یا مظلوم کے ساتھ ؟ دوہرا عالمی معیار اور عالمی مناقفت ہی انسانیت اور امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے جب تک مشرق وسطیٰ میں مسئلہ فلسطین اور جنوبی ایشیا میں مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا، اس وقت تک پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.