غزہ ،اسلامی دنیا کا سکوت تاریخ کا سیاہ باب بن چکا ہے، شیخ ہادی ناصری
نمائندہ آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ) و سربراہ شوریٰ علمائے جعفریہ پاکستان علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نےکہا ہے کہ اسلامی دنیا کے حکمران، امریکا اور مغرب کے سامنے جھک رہے ہیں،امت مسلمہ اپنے حکمرانوں پر سیاسی دباؤ بڑھائے۔غزہ کے مسلمانوں پر جو بیت رہی ہے یا بیت چکی تاریخ کے صفحات پر سیاہ دھبوں کے سوا کچھ نہیں، اسرائیل نے امن معاہدہ توڑ کر غزہ پر شب خون مارا ہے۔
علامہ شیخ ہادی ناصری کا کہنا تھا کہ غزہ میں شیر خوار بچے زندگی اور موت کی کشمکش میں تڑپ رہے ہیں، اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو جنگی مجرم ہے،اسے عالمی عدالت انصاف نے گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔
علامہ شیخ ہادی ناصر ی نے کہا ہے کہ فلسطین میں نہ ادویات ہیں نہ کھانے پینے کی کوئی چیز لیکن مسلمان حکمران خاموش ہیں، جرم کرنے والے اور اس جرم پر خاموش رہنے والے برابر کے مجرم تصور کیے گئے ہیں۔غزہ میں جاری صہیونی مظالم اور دنیا کے بالخصوص اسلامی ممالک کے مجرمانہ سکوت پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے انسانیت کے خلاف کھلی جارحیت اور امت کی اخلاقی شکست قرار دیا ہے۔
انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ:”غزہ کے بچوں، خواتین اور مظلوموں پر جو کچھ بیت رہا ہے، وہ صرف بمباری نہیں بلکہ انسانیت کی روح پر حملہ ہے۔اور جو لوگ خاموش ہیں، یا صرف الفاظ سے اظہارِ افسوس پر اکتفا کرتے ہیں، وہ اس جرم میں شریک سمجھے جائیں گے۔
علامہ شیخ ناصری نے کہا کہ مرجع عالیقدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی دام ظلہ ہمیشہ امت کو بیداری، مزاحمت، اور ظلم کے خلاف قیام کی دعوت دیتے رہے ہیں، اور یہ وقت ہے کہ امت کے باشعور افراد، علما، اور نوجوان بیدار ہوں اور ظلم کے خلاف کھڑے ہوں۔انہوں نے اسلامی دنیا کے حکمرانوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ یہ خاموشی، یہ بے حسی، اور یہ نفع اندیشیبھی کل تاریخ کے صفحات پر سیاہ حروف میں لکھی جائے گی۔خونِ غزہ امت کو جھنجھوڑ رہا ہے، اور یہ وقت ہے کہ ہم کم از کم اپنی آواز بلند کریں، اور ہر اس طاقت کا بائیکاٹ کریں جو صہیونی ریاست کی پشت پناہی کر رہی ہے۔
علامہ شیخ ہادی ناصری نے تمام مسلمانوں، علماء، اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ غزہ کے مظلوموں کے ساتھ عملی اور فکری یکجہتی کا مظاہرہ کریں، اور اپنے کردار سے ثابت کریں کہ امت زندہ ہے، اور مقاومت کا چراغ بجھنے نہیں دیا جائے گا۔