جمہوریت عوام نہیں سرمایہ دارانہ نظام کی محافظ ہے، علامہ جواد نقوی

فتنے سے آگاہی دورِ حاضر میں بہت ضروری ہے، سربراہ تحریک بیداری امت مصطفیٰ

0 153

لاہور میں تقریب سے خطاب میں ٹی بی یو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ایک مخصوص طبقہ بار بار اپنا نام اور پارٹی بدل کر اقتدار کے مزے لیتا ہے، عوام بھی انہی کو بار بار آزماتے ہیں، اس سے اس سرمایہ دار طبقے کی تو نسلیں سنور جاتی ہیں جبکہ عوام کی حالت پہلے سے بھی بدتر ہو جاتی ہے۔

اسلام ٹائمز۔ تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری نظام دراصل عوامی نظام نہیں، یہ سرمایہ دارانہ نظام ہے، یہ اشرافیہ کا نظام ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ دار اسی نظام کے ذریعے خود حکومت میں آتے ہیں یا اپنی نمائندگی میں کسی کو لے آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک مخصوص طبقہ بار بار اپنا نام اور پارٹی بدل کر اقتدار کے مزے لیتا ہے، عوام بھی انہی کو بار بار آزماتے ہیں، اس سے اس سرمایہ دار طبقے کی تو نسلیں سنور جاتی ہیں جبکہ عوام کی حالت پہلے سے بھی بدتر ہو جاتی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں اسٹیبلشمنٹ نے نیا تجربہ کیا اور مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے مقابلے میں ایک نئی سیاسی قوت ایجاد کی گئی، پہلے پرویز مشرف کی سیاسی جماعت کو آزمایا گیا، وہ منصوبہ فلاپ ہو گیا تو پھر ایک اور قوت سامنے لائی گئی۔ اسٹیبشلمنٹ نے عمران خان نیازی کی کرکٹ کی وجہ سے مقبولیت کا فائدہ اٹھایا اور اسے آگے لے آئے۔ علامہ جواد نقوی نے کہا کہ اپنی ذہنیت سے نظام چلانے والوں نے ایک تجربہ کیا وہ بھی خطرناک، عبرتناک ترین تجربہ تھا۔ اس تجربے سے اسٹیبلشمنٹ کو جتنی خفت اٹھانی پڑی تاریخ پاکستان میں کبھی نہیں اٹھانا پڑی ہوگی۔

 

انہوں نے کہا کہ مقبولیت کی بنا پر ایک شخصیت کا انتخاب کیا گیا تاکہ توازن بگاڑا جائے۔ اس مقصد کیلئے اسے اقتدار میں لائے تو جب معاملات خراب ہونے لگے تو اسے نکال بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا اگر اسے نکالا گیا تو وہ زیادہ خطرناک ثابت ہوگا، اس فتنے سے آگاہ ہونا دورِ حاضر میں بہت ضروری ہے، پاکستان کو بچانا ہر پاکستانی کا فرض بنتا ہے، انہوں نے نعرے لگائے، مختلف جوانوں نے کمپین چلانا شروع کر دی کہ امریکہ نے سازش کی ہے، جان لیں کہ یہ امریکہ کی سازش کا دعویٰ ہے کوئی ثبوت نہیں، اب امریکہ کیخلاف عوام کو نکال کر خود خطرناک بن گئے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.