امیرالمومنینؑ کی ولادت کا دن عید کی طرح بھرپور خوشیوں سے لبریز دن ہے،شیخ ناصری
وکیل مرجع عالی قدر آيت الله العظمٰی شیخ محمد الیعقوبی (حفظہ اللہ) وسربراہ شوریٰ علماء جعفریہ پاکستان علامہ شيخ ہادی حسین ناصری نےامیرالمومنین علی بن ابی طالب علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر تمام مومنین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن ولایت کا دن ہے اور امیرالمومنینؑ کی ولادت کا دن عید کی طرح بھرپور خوشیوںسے لبریز دن ہےاس لیے ہمارے لیے بہت بڑی سعادت ہے کہ ہم اس دن کو عید کی طرح خوشیوں سے بھرپور طریقے سے منائیں۔
علامہ شيخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہے کہ اس موقع عظیم دن ہمیں مختلف عبادات، دعائیں، محافل میلاد، اور ذکر و اذکار کا اہتمام بھرپور طریقے سے کرنا چاہیے۔ علمائے کرام ، واعظین و ذاکرین اس دن سچائی، انصاف،استقامت،حکمت، علم،حلم اور شجاعت سمیت امیرالمومنین علی بن ابی طالب علیہ السلام کی زندگی کے ہر پہلو پر روشنی ڈالیں اورآئمہ طاہرین علیھم السلام کے فرمودات کی روشنی میں مومنین کے درمیان اتحاد کی فضا قائم کرنے کیلئے بھی راہ ہموار کریں۔
علامہ شيخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہے کہ اس دن غریبوں اور مستحقین کو صدقہ اور خیرات دینا ہر ایک صاحبِ ایمان کیلئے ضروری ہے کیونکہ اسے امام علی علیہ السلام کے راستے پر چلنے کا عملی مظاہرہ سمجھا جائے گا جو خود ہمیشہ فقراء اور یتیموں کےمددگار و حامی تھے۔اس دن کو منانے کا مقصدامام علی علیہ السلام کی سیرت اور ان کے اصولوں کو اپنی زندگی میں اپنانا ہے۔یہ دن ہمیں انسانیت سے محبت کے راستے پر چلنے کی ترغیب دیتا ہے۔