شہریوں کی سہولت کیلئے پیپلز بس سروس کی ایپ متعارف

کراچی میں ایپلی کیشن کو 22 جون کو متعارف کرادیا گیا ہے

0 155

کراچی(شوریٰ نیوز)حکومت سندھ کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے شہریوں کی سہولت کے لیے ’پیپلز بس سروس‘ ایپلی کیشن متعارف کرادی۔حکومت سندھ نے پیپلز بس سروس کا آغاز جون 2022 میں کیا تھا اور ابتدائی طور پر اسے صرف کراچی تک محدود رکھا گیا تھا۔بعد ازاں پیپلز بس سروس کے کراچی میں روٹس کو بڑھانے کے علاوہ اسے صوبے کے دوسرے شہروں حیدرآباد، لاڑکانہ اور سکھر میں بھی متعارف کرایا گیا تھا۔محض ایک سال میں سندھ حکومت نے پیپلز بس سروس کے روٹس میں نہ صرف اضافہ کیا بلکہ اس کی سروس دیگر شہروں میں بھی متعارف کرائی اور بعد ازاں کراچی میں خواتین کے لیے خصوصی پنک پیپلز بسیں بھی چلائی گئیں۔علاوہ ازیں حکومت نے کراچی میں الیکٹرک بس سروس کے خصوصی روٹس بھی شروع کیے اور حال ہی میں بجٹ میں حکومت نے پیپلز بس سروس کو بڑھانے کے لیے اربوں روپے کے فنڈز بھی مختص کیے تھے۔اور اب شہریوں کی سہولت کے لیے پیپلز بس سروس کی ایپلی کیشن متعارف کرادی گئی۔ایپلی کیشن کو 22 جون کو متعارف کرایا گیا اور اس ضمن میں کراچی میں ایک تقریب بھی منعقد کی گئی، جس میں وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے ایپ کی خصوصیات سے متعلق آگاہ کیا۔مذکورہ ایپلی کیشن کو صارفین گوگل پلے اسٹور سے مفت میں ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔ایپلی کیشن کے ذریعے صارفین پیپلز بس کے روٹس اور لوکیشن کو بھی دیکھ سکیں گے، یعنی لوگ ایپ کے ذریعے معلوم کر سکیں گے کہ ان کے مطلوبہ روٹس پر چلنے والی بس ان کے اسٹاپ پر کب تک پہنچے گی۔علاوہ ازیں ایپلی کیشن کے ذریعے صارفین آن لائن بکنگ بھی کروا سکیں گے اور اسی کے ذریعے آن لائن ٹکٹ کی ادائیگی بھی کی جا سکے گی۔ایپلی کیشن کے ذریعے مسافر بس سروس سے متعلق شکایات کا اندراج بھی کر سکیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.