ورلڈ بینک کااستعمال شدہ پلاسٹک سے سڑکوں کی تعمیر پر غور
اسلام آباد میں 58 فیصد پلاسٹک سڑکوں کے منصوبوں کی پلاننگ ہو گئی
اسلام آباد (شوریٰ نیوز)اقوام متحدہ کی طرف سے عالمی سطح پر پلاسٹک کی آلودگی کم کرنے کے لیے کچھ حل پیش کیے گئے ہیں جن میں استعمال شدہ پلاسٹک کو خام مال کے جزوی متبادل کے طور پر سڑکوں کی تعمیر میں استعمال کرنے جیسے کچھ نئے حل بھی سامنے آئے ہیں۔ پلاسٹک سڑکوں کی تعمیر کے حوالے سے ورلڈ بینک کی طرف سے جارہ کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پلاسٹک آلودگی کو کم کرنے کے لیے بین الاقوامی قانونی معاہدہ پلاسٹک آلودگی کو کم کرنے، اپ اسٹریم اور ڈاؤن اسٹریم اقدامات کو جوڑنے کے لیے ایک مکمل لائف سائیکل نقطہ نظر کا مطالبہ کرتا ہے۔ استعمال شدہ پلاسٹک کو سڑک کی تعمیر کے لیے خام مال کے طور پر استعمال کرنا ایک ڈاؤن اسٹریم اقدام ہے جبکہ استعمال شدہ پلاسٹک کو ختم کرنے کے لیے اپ اسٹریم اقدامات کرنے کی بھی ضرورت ہے۔دنیا بھر میں 132 پلاسٹک روڈ کے منصوبے چل رہے ہیں، جبکہ حال ہی میں پاکستان نے بھی دارالحکومت اسلام آباد میں پہلا پلاسٹک روڈ تعمیر کیا ہے۔ 58 فیصد پلاسٹک سڑکوں کے منصوبوں کی پلاننگ ہو گئی ہے یا تو وہ تعمیری مراحل میں ہیں جبکہ 37 فیصد پلاسٹک روڈ تعمیر ہو چکے ہیں جن کو استعمال میں لایا گیا ہے۔کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے رکن نے ڈان کو بتایا کہ حال ہی میں ایک نجی کمپنی کے تعاون سے ایوب چوک تا مارگلہ ایک کلومیٹر پر مشتمل پلاسٹک روڈ تعمیر کیا گیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پلاسٹک سڑکوں کی تعمیر کے حوالے سے معلومات میں اہم کمی کو پورا کرنے کے لیے تحقیق کی ضرورت ہے۔عالمی سطح پر پلاسٹک کی بھاری مقدار میں پیداوار کے پیش نظر کاروباری افراد، اختراع کار اور محققین استعمال شدہ پلاسٹک کو استعمال کرنے کے نئے طریقے دریافت کر رہے ہیں۔