ایشیائی ملک تھائی لینڈ کا ورک فرام ہوم کرنے والوں کو خوش آمدید
تھائی لینڈ کی جانب سے نیا ڈیجیٹل نوماڈ ویزا پروگرام متعارف کرایا جا رہا ہے،15 جولائی سے اس پروگرام کے تحت غیر ملکیوں کو 5 سالہ ملٹی پل انٹری ویزا جاری کیا جائے گا۔
اس پروگرام کے تحت ورک فرام ہوم کرنے والے افراد ایک سال میں 180 دن تھائی لینڈ میں قیام کرسکیں گے جبکہ اس میں 10 ہزار تھائی بھات ادا کرکے مزید 180 دن کا اضافہ بھی کرایا جاسکے گا۔
اس پروگرام کو Destination Thailand Visa (ڈی وی ٹی) کا نام دیا گیا ہے اور اس کے اجرا کی منظوری مئی 2024 میں دی گئی تھی،تھائی لینڈ کی جانب سے 5 سال کے دوران ڈیجیٹل نوماڈ کو متعدد بار ملک میں آنے کی اجازت دی جائے گی۔
اس پروگرام کا حصہ بننے کے خواہشمند افراد کو چند شرائط بھی پوری کرنا ہوں گی،کم از کم 20 سال کی عمر کے افراد اس پروگرام کے لیے اہل ہوں گے جبکہ انہیں اپنے بینک اکاؤنٹ میں 5 لاکھ تھائی بھات کی موجودگی کا ثبوت بھی دینا ہوگا۔
اسی طرح انہیں یہ بھی ثابت کرنا ہوگا کہ وہ کسی کمپنی کے لیے ورک فرام ہوم کر رہے ہیں،یہ ویزا ایسے افراد کو بھی جاری کیا جائے گا جو تھائی سافٹ پاور کا حصہ بننے کے خواہشمند ہوں گے۔
یعنی ایسے افراد جو تھائی باکسنگ یا کھانا پکانے کی کلاسز کا حصہ بننا چاہتے ہیں یا علاج کرانا چاہتے ہیں یا مختصر المدت تعلیمی کورسز مکمل کرنا چاہتے ہیں۔
ویزا پروگرام کے لیے لوگوں کو پاسورٹ اور سفری دستاویزات، تصاویر، موجودہ رہائش کے دستاویزات، مالی اثاثوں کے ثبوت اور دورے کے مقصد کی تفصیلات جمع کرانا ہوں گی۔
ویزا حاصل کرنے والے افراد تھائی کمپنیوں میں ملازمت نہیں کرسکیں گے جبکہ اس ویزا کی قیمت 10 ہزار تھائی بھات رکھی گئی ہے،اگر آپ اس ویزا پروگرام میں دلچسپی رکھتے ہیں تو تھائی ای ویزا پورٹل سے رجوع کرکے درخواست بھر سکتے ہیں،سی طرح تھائی سفارتخانوں سے بھی رجوع کیا جاسکتا ہے۔