آئی فون 16 سیریز میں بیٹری کو تبدیل کرنا ممکن

0 272

ایپل کی جانب سے آئی فون 16 سیریز میں ایک نئی ٹیکنالوجی پر کام کیا جا رہا ہے جس سے آئی فون بیٹری کو تبدیل کرنا بہت آسان ہو جائے گا۔

ابھی آئی فونز کی بیٹری کو بدلنا آسان نہیں ہوتا اور کسی ماہر کی مدد لینا پڑتی ہےمگر یورپی یونین کے نئے قانون کے باعث کمپنی کی جانب سے نئی ٹیکنالوجی پر کام کیا جارہا ہے۔

یورپی قانون کے تحت تمام اسمارٹ فونز کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ صارفین آسانی سے بیٹریوں کو خود تبدیل کر سکیں۔

اس مقصد کے لیے انہیں 2025 تک کی مہلت دی گئی ہے جس کے باعث ایپل کی جانب سے ایک نئی ٹیکنالوجی پر کام کیا جا رہا ہے۔

جیسا اوپر درج کیا جا چکا ہے کہ ابھی آئی فونز کی بیٹری تبدیل کرنا آسان نہیں ہوتا مگر نئی ٹیکنالوجی میں ایپل کی جانب سے اس عمل کو آسان بنایا جا رہا ہے۔

مگر رپورٹ میں بتایا گیا کہ نئی بیٹری ٹیکنالوجی کے باوجود صارفین کے لیے فون کو کھول کر اسے بدلنا اتنا آسان نہیں ہوگا، مگر پہلے جتنا مشکل بھی نہیں ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق آئی فون 16 کے کم از کم کسی ایک ماڈل میں اس نئی بیٹری ٹیکنالوجی کو متعارف کرایا جاسکتا ہے،اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو آئی فون 17 سیریز کے تمام ماڈلز میں اس نئی بیٹری ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ اس سال کے آئی فون میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی فیچرز کا اضافہ بھی کیا جائے گا،ایپل کی جانب سے عموماً ہر سال ستمبر میں ایک ایونٹ کے دوران نئے آئی فون ماڈلز متعارف کرائے جاتے ہیں۔

ایسا ہی اس سال بھی کیے جانے کا امکان ہے اور ستمبر میں ہی نئے آئی فونز متعارف کرائے جا سکتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.