اے آئی ٹیکنالوجی نے پہلی بار جسمانی صلاحیت کے گیم میں انسانوں کو شکست دیدی
سوئٹزر لینڈ کی یونیورسٹی ETH Zurich کے تیار کردہ اے آئی روبوٹ نے labyrinth نامی گیم میں انسانوں کو شکست دی،اس گیم میں 2 ناب کے ذریعے ماربل کی گیند کو ایک سے دوسرے سرے تک پہنچانا ہوتا ہے۔
یہ بہت مشکل کام ہوتا ہے اور دماغ کے ساتھ ساتھ جسمانی صلاحیت بہت ضروری ہوتی ہے،مگر سائبر رنر نامی روبوٹ نے کسی حقیقی فرد کی طرح اس گیم کو کھیل کر دکھایا۔
یہ روبوٹ 2 موٹرز (اس کے ہاتھ)، ایک کیمرا (اس کی آنکھیں) اور کمپیوٹر (اس کا دماغ) سے لیس ہے، جس کے ذریعے وہ کسی انسان کی طرح یہ گیم کھیلتا ہے۔
انسانوں کی طرح روبوٹ نے پہلے گیم کو کھیلنا سیکھا اور پھر اے آئی ٹیکنالوجی سے اسے فیصلہ کرنے میں مدد ملی،یہ روبوٹ گیم کا مشاہدہ کرکے اسے کھیلنے کے تجربے کو یاد رکھتا ہے اور اپنے الگورتھم کو اسے مکمل کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔
اس روبوٹ نے 6.06 گھنٹے کی تربیت حاصل کرنے کے بعد Lars Göran Danielsson نامی کھلاڑی کے 2022 میں قائم کردہ عالمی ریکارڈ کو توڑ دیا۔
Lars Göran Danielsson نے یہ گیم 15.41 سیکنڈز میں مکمل کی تھی جبکہ روبوٹ نے اسے 14.48 سیکنڈ میں مکمل کرکے دکھایا۔
سیکھنے کے عمل کے دوران روبوٹ نے شارٹ کٹس کو دریافت کیا اور انہیں کسی انسان کی طرح اپنی جیت کے لیے استعمال کیا۔
اس روبوٹ کے حوالے سے ایک تحقیقی مقالہ ایک ویب سائٹ پر جاری کیا گیا ہے اور اب محققین کی جانب سے اس پراجیکٹ کو اوپن سورس بنانے پر کام کیا جا رہا ہے۔