گوگل کروم میں بہت بڑی تبدیلی کرنے کا اعلان

0 252

گوگل کروم ویب سائٹس کی جانب سے صارفین کی آن لائن سرگرمیوں کی ٹریکنگ کو ناممکن بنا دے گا،ویب سائٹس کو تھرڈ پارٹی کوکیز (cookies) استعمال کرنے سے روکنے کا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے۔

ویب سائٹس کی جانب سے تھرڈ پارٹی کوکیز کو استعمال کرکے لوگوں کے آن لائن رویوں کو ٹریک کیا جاتا ہے ، 2024 کے آخر تک تمام کروم صارفین کو یہ تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

گوگل کے پرائیویسی سینڈ باکس پراجیکٹ کے سربراہ انتھونی شاویز نے بتایا کہ آغاز میں کمپیوٹر اور اینڈرائیڈ فونز کے ایک فیصد صارفین کے لیے کروم میں تھرڈ پارٹی کوکیز کو بلاک کر دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گوگل کی جانب سے اس فیچر پر کافی عرصے سے کام کیا جا رہا تھا مگر اس پر عملدرآمد متعدد بار ملتوی کیا گیا۔

کروم میں کی جانے والی یہ تبدیلی ویب سائٹس کے لیے بہت بڑی ہوگی، چھوٹی ٹیکسٹ فائلز کی شکل میں کوکیز کو صارف کے فون اور کمپیوٹر پر اسٹور کیا جاتا ہے تاکہ اس کے آن لائن رویوں کا علم ہوسکے۔

تھرڈ پارٹی کوکیز تک رسائی روکنے سے صارف کی آن لائن پرائیویسی کو تحفظ ملے گا،خیال رہے کہ دنیا بھر میں گوگل کروم سب سے زیادہ استعمال ہونے والا ویب براؤزر ہے اور 63 فیصد صارفین براؤزنگ کے لیے اسے ترجیح دیتے ہیں۔

سفاری، فائر فوکس، مائیکرو سافٹ ایج اور دیگر میں تھرڈ پارٹی کوکیز کو بلاک کرنے کا فیچر کافی عرصے سے موجود ہے مگر گوگل کی جانب سے اس حوالے سے سست روی سے پیشرفت کی جا رہی ہے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.