چیٹ جی پی ٹی 4 کو پیچھے چھوڑنے کیلئے گوگل کا طاقتور ترین اے آئی ماڈل متعارف
جیمنائی پر کمپنی کے مطابق یہ 3 مختلف کیٹیگریز میں دستیاب ہوگا،ایک جیمنائی الٹرا ہے جو تینوں میں سب سے طاقتور ہوگا، جس کے بعد جیمنائی پرو اور جیمنائی نانو ہے۔
گوگل کی جانب سے پہلے مرحلے میں 13 دسمبر سے ڈویلپرز اور کاروباری اداروں کو جیمنائی پرو تک رسائی فراہم کی جائے گی،جیمنائی پرو گوگل کی بیشتر اے آئی سروسز کے لیے استعمال کیا جائے گا اور گوگل بارڈ کے لیے ریڑھ کی ہڈی ثابت ہوگا۔
اس کے مقابلے میں جیمنائی نانو ایک بیسک ماڈل ہوگا جسے اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر استعمال کیا جاسکے گا،جیمنائی الٹرا ابھی تک تیار نہیں ہوا مگر ممکنہ طور پر یہ ڈیٹا سینٹرز اور مختلف ایپس کے لیے ڈیزائن کیا جائے گا۔
گوگل کے مطابق اس کا چیٹ بوٹ بارڈ اب جیمنائی پرو پر مبنی ہوگا جبکہ پکسل 8 پرو کے صارفین جیمنائی نانو کے کچھ فیچرز استعمال کر سکیں گے، جبکہ الٹرا ماڈل اگلے سال کسی وقت متعارف کرایا جائے گا۔
جیمنائی اے آئی ماڈل ابھی صرف انگلش زبان میں دستیاب ہوگا مگر گوگل کے سی ای او سندر پچائی نے بتایا کہ اسے بتدریج گوگل سرچ انجن، کروم براؤزر اور دیگر سروسز کا حصہ بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ مئی 2023 میں گوگل ڈویلپر کانفرنس کے دوران جیمنائی کا اشارہ دیا گیا تھا مگر تفصیلات نہیں بتائی گئی تھیں۔